سکھر:مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال، مفلوج نکاسی نظام و دیگر بنیادی مسائل حل نہ ہونے پر احتجاجی ریلی نیکالی گئی

14

سکھر،17جولائی(اے پی پی): قریشی گوٹھ سمیت سکھر کے دیگر علاقوں میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال، بجلی ، گیس کی لوڈشیڈنگ، مفلوج نکاسی نظام، روڈ راستوں کی خستہ حالی سمیت دیگربنیادی مسائل حل نہ ہونے کے اور امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے خلاف سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کی جانب سے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میں قریشی گوٹھ سے احتجاجی ریلی نیکالی گئی۔

ریلی کے شرکاءنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جو پینے کا پانی دو، صفائی ستھرائی کا نظام بہتر بنانے، شہریوں کے بنیادی مسائل فوری حل کرو، امن و امان بحال کرو کے بلند شگاف نعرے لگا رہے تھے۔

 احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنماوں کا کہنا تھا کہ سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس نے ہمیشہ شہر کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کیلئے بھرپور انداز سے جدوجہد کی ہے۔ آج قریشی گوٹھ میں احتجاجی ریلی نیکالنے کا مقصد منتخب نمائندوں اور انتظامیہ کو جاگنا ہے کہ سکھر شہر کے اندر نہیں بلکہ گرد و نواح کے علاقوں میں بھی بنیادی سہولیات ناپید ہیں، قریشی گوٹھ سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال ہے، مفلوج نکاسی نظام کے باعث گٹروں اور نالیوں کا گندا پانی شاہراہوں کی زینت بنا ہوا ہے، بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہری عذاب میں مبتلا ہیں شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے باعث تاجروں اور شہریوں میں شدید بے چینی کی لہڑ دوڑ گئی ہے۔