ضلع اٹک کی سب سے بڑی ماڈل منڈی مویشیاں گوندل میں عیدالاضحیٰ کیلئے جانوروں کی خرید و فروخت شروع

257

اٹک، 05جولائی( اے پی پی):  ضلع اٹک کی سب سے بڑی ماڈل منڈی مویشیاں گوندل میں عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی قربانی کیلئے جانوروں کی خرید و فروخت شروع ہو گئی، منڈی میں دور دراز کے علاقوں سے مویشی لائے گئے، سخت گرمی کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں بکرے، دنبے، گائیں، بیل اور سینکڑوں کی تعداد میں ضلع اٹک، ضلع راولپنڈی اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں سے پہنچے، قربانی کے جانوروں کو مالا اور پھولوں سے سجایا گیا تھا جس سے مویشیوں کا ایک میلہ لگا ہوا تھا۔

عید قربان میں ابھی دو ہفتے باقی رہنے کی وجہ سے خریدار کم اور جائزہ لینے والے زیادہ نظر آئے، بکروں کی قیمتیں 20ہزار سے ایک لاکھ جبکہ گائے، بچھڑے اور بیل کی قیمت 60ہزار سے اڑھائی لاکھ تک بتائی گئی، اس موقع پر بیوپاریوں نے اے پی پی سے گفتگو میں کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت اس سال قربانی کے جانور 20 ہزار روپے مہنگے ہوئے ہیں مگر اس کے باوجود لوگ بروقت جانور خرید رہے ہیں کیونکہ جانور مزید مہنگے ہونے کے امکانات ہیں، ایک خریدار نے بتایا کہ پہلے ہم 15ہزار روپے میں بکرے کی قربانی کر لیتے تھے مگر اس بار قیمتیں آسمانوں پر ہیں، معمولی سا بکرا 20ہزار روپے میں مل رہا ہے۔

ایک خریدار سیار خان نے بتایا کہ میں خیبرپختونخوا سے قربانی کا جانور خریدنے آیا ہوں تاہم قیمتیں زیادہ ہونے کی وجہ سے کشمکش میں مبتلا ہوں اور سوچتا ہوں کہ عید کے بالکل قریب جانور خرید لوں اس وقت بیوپاری اپنے مویشی فروخت کرنے کے چکروں میں سستے کر دیتے ہیں بہرحال جو بھی ہو سنت ابراہیمی پوری کرنی ہے۔

بھینسوں کے بیوپاری خان گل نے بتایا کہ ضلع اٹک میں بھینسوں کی قربانی کا رواج نہیں تاہم خیبر پختونخوا کے علاقوں سے بھینسیں یا کٹے لینے کیلئے بڑی تعداد میں لوگ آتے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے منڈی مویشیاں میں خصوصی انتظامات کررکھے ہیں۔