ضلع غذر کے بالائی گاؤں بدصوات میں وقفے وقفے سے گلیشر سرکنے کا سلسلہ جاری ،دریائے اشکومن میں طغیانی آنے سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع

5

غذر،29 جولائی(اے پی پی ):  مسلسل گرمی کے باعث ضلع غذر کے بالائی گاؤں بدصوات میں وقفے وقفے سے گلیشر سرکنے کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز ایک بار پھر گلیشر سرکنے سے ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے دریائے اشکومن میں طغیانی آئی، گشگش کے مقام پر دریائی کٹاؤ کے زد میں آکر اشکومن روڈ روڈ بلاک ہوگیا ہے۔

 دوسری جانب بارست پھنڈر میں آسمانی بجلی گرنے سے لینڈ سالئیڈنگ ہوئی اور گلگت چترال روڈ ہرقسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو گیا ہے ۔

  پھنڈر کے بالائی علاقہ بارست میں ہلکی بارش کے ساتھ ہی آسمانی بجلی گرنے سے لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے نتیجے میں گلگت چترال روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بلاک ہے۔

   پولیس کے مطابق گشگش کے مقام پر روڈ بند ہونے کی وجہ سے اشکومن اور ایمت کے درجنوں علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے ،لوگوں کو سفری مشکلات کا سامنا ہے ۔

 بارست پھنڈر میں بھی روڈ بلاک ہونے سے کئی سیاح اور مقامی مسافر بھی پھنس گئے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق گشگش روڈ کو بحال کرنے کے لیے ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔