عید الاضحی کا تہوار ایثار، قربانی، ہمدردی ، احترامِ انسانیت اور خدمت خلق کا پیغام دیتا ہے؛ سفیر ظہیر اسلم جنجوعہ کا عید پر پیغام

27

برسلز، 20جولائی(اے پی پی):سفیر ظہیر اسلم جنجوعہ نے عیدالاضحیٰ  کے مبارک موقع پر بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کیمونٹی کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوئے کہا ہے کہ  دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کی قربانیوں کو قبول فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کا تہوار اسلامی تہذیب ، ثقافت اور ملی روایات کی علامت ہے۔  یہ دن  سنت ابراہیمی کی ادائیگی،   ایثار، قربانی، ہمدردی ، احترامِ انسانیت اور خدمت خلق کا پیغام دیتا ہے۔

سفیر ظہیر اسلم جنجوعہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ  اپنے برگزیدہ بندوں کو مختلف امتحانات میں ڈال کر آزماتا ہے اور وہ  ان امتحانات میں  اپنے عزم و ایثار کے باعث پوری طرح سرخروہوتے ہیں، جس  سے ہمیں  یہ درس  ملتا ہے کہ آزمائش اور امتحان کی صورت میں ثابت قدم رہنا اور مقصد کے حصول میں ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہنا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ اللہ رب العزت ہم سب کو عید الاضحیٰ کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار   فرمائے اور قربانی جیسی عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

سفیر ظہیر اسلم جنجوعہ نے کہا کہ آئیے ہم اس عید کو سادگی اور پُر وقار   طریقے  سے منائیں اور غریبوں، رشتہ داروں اور عزیزو اقارب کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں ۔  انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ  آپ کو عید کے  بابرکت موقع پر خوشی، امن اور مسرت عطا فرمائے۔