تین برس میں کسی بھی ضلع سے ترقیاتی فنڈز کے حوالے سے حق تلفی نہیں ہونے دی، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

20

لاہور،25 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ میرے دروازے منتخب نمائندوں اور عوام کے لئے کھلے ہیں- ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کی تیاری میں منتخب نمائندوں سے مشاورت کی گئی ہے- ہرضلع کی یکساں ترقی کے ویژن سے صوبے میں ڈویلپمنٹ کا نیا باب رقم ہوگا، وسائل پر حق صرف چند بڑے شہروں کانہیں بلکہ دور دراز اضلاع کا بھی ہے او رہم یہ حق واپس کررہے ہیں، تین برس میں کسی بھی ضلع سے ترقیاتی فنڈز کے حوالے سے حق تلفی نہیں ہونے دی-ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزراء اور اراکین قومی وصوبائی اسمبلی سے  ملاقاتوں کے دوران کیا۔

منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیاوزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسائل کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے اور کہا کہ نمائشی منصوبوں اور کھو کھلے نعروں کا دور گزرچکا زبانی جمع خرچ کرنے والے حکمران تاریخ کاحصہ بن چکے ہیں- ہم نے 3برس کے دوران صرف کام کیا ہے اور کام کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انتقام کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں، انتقام کی سیاست کی ہے او ر نہ ہی اس پر یقین ہےہمیشہ میرٹ، قانون او رانصاف کے تقاضوں کے مطابق کام کیاہے- ہماری سیاست صرف اور صرف عوام کی خدمت ہے۔

اس موقع پر منتخب نمائندوں نےوزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر ضلع کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکیج کااعلان خوش آئند اقدام ہے، ڈویلپمنٹ پیکیج سے دور دراز اضلاع کی محرومیاں دور ہوں گی-آپ ماضی میں نظر انداز کیے گئے اضلاع کے حقیقی وکیل ہیں۔

ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء اسد کھوکھر، محمد آصف نکئی،شوکت لالیکا،اراکین قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد، رائے مرتضیٰ اقبال،ایم پی اے مامون تارڑ اور سابق ڈسٹرکٹ ناظم ساہیوال رائے حسن نواز شامل تھے۔