نوجوانوں کو اربوں روپے کے قرضے دیئے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں؛ وزیر مملکت فرخ حبیب

25

فیصل آباد،  14  اگست  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ جن لوگوں کے نام ای سی ایل لسٹ میں اور وہ سزا یافتہ ہیں انہیں کسی شادی بیاہ کے نام پر ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی جبکہ پاکستان میں ان کیلئے شادی کرنے پر کوئی پابندی نہیں کیونکہ پہلے ہی ایک بیماری کا بہانہ کرکے ملک سے گیا اور آج تک واپس آنے کا نام نہیں لے رہالہٰذا اب دوسری کو کیسے جانے دیں ،پی ڈی ایم باکس آفس پر بری طرح پٹ جانیوالی ڈبہ فلم اور استعفے و لانگ مارچ ماضی کا حصہ بن چکے اسلئے اب تمام توجہ آئندہ انتخابات اور انتخابی اصلاحات پر مرکوز کرنا ہوگی، نوجوانوں اور بے گھر افراد سمیت دیگر ضرورت مندوں کو اربوں روپے کے قرضے دیئے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں۔

ہفتہ کی دوپہر اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں مریم نواز کے بیٹے کی مسلم لیگ ن کے دور میں نیب کے چیئرمین و سابق سینیٹر سیف الرحمن کی بیٹی کے ساتھ لندن میں شادی کی تقریب میں مریم نوازکی شرکت کی اجازت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمران صرف اقتدار پاکستان میں چاہتے ہیں مگر ان کی شادیان، ان کی عیاشیاں، ان کے کاروبار، ان کے بنگلے، ان کی جائیدادیں، ان کی رہائشیں، ان کی پڑھائی، ان کا رہن سہن سب کچھ لندن میں ہے جو اب پاکستان کی بجائے ان کا پہلا گھر بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قبل ازیں مریم نواز کے والد نواز شریف نااہل، سزا یافتہ اور ای سی ایل میں نام ہونے کے باوجود بیماری کا بہانہ کرکے ملک سے باہر چلے گئے اور اب واپس آنے کا نام نہیں لے رہے اسی طرح اگر سزا یافتہ مریم نواز کو بھی شادی کی آڑ میں باہر جانے دیا گیا تو وہ بھی وطن واپس نہیں آئیں گی لہٰذا ایک ملک میں غریب کیلئے الگ اور امیر کیلئے دو الگ الگ قانون نہیں چل سکتے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ شریف خاندان اور آل شریف کو پاکستان میں ہر قسم کی آزادی ہے انہیں یہاں شادی کرنے سے کس نے روکا ہے اسلئے اگر انہوں نے کوئی شادی کرنی ہے تو وہ پاکستان میں آکر کرلیں۔ انہوں نے پی ڈی ایم کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم باکس آفس پر بری طرح پٹ جانیوالی ڈبہ فلم اور استعفے و لانگ مارچ ماضی کا حصہ بن چکے لہٰذا اب تمام توجہ آئندہ انتخابات اور انتخابی اصلاحات پر مرکوز کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم بھان متی کا کنبہ ہے جس میں اب کوئی جان باقی نہیں رہی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ انتخابی اصلاحات پر توجہ دے کیونکہ ہر الیکشن کے بعد دھاندلی کے شور سے نجات کا یہی واحد حل ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی رونمائی کردی ہے جس کے ذریعے اب دنیا بھر میں موجود لاکھوں پاکستانیوں کو ووٹ کا حق مل سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب دنیا کے 120 ممالک نے بیرون ملک مقیم لوگوں کو ووٹ کا حق دے رکھا ہے تو وہ غیور و محب وطن پاکستانی جو ملک کیلئے 30 بلین ڈالر کی سالانہ ترسیلات زر بھیج رہے ہیں ان کو کس طرح ووٹ کے حق سے محروم رکھا جاسکتا ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ ہم جلد پریس کلبوں، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز اور ایسی ہی دیگر تنظیموں کے انتخابات بھی آزمائشی بنیادوں پر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے کروانے جارہے ہیں تاکہ تجربات کی روشنی میں ان کی کارکردگی کو جانچا جاسکے۔

وزیر مملکت  نے کہا کہ آج ہم جشن آزادی کا دن اس عہد کی تجدید کے ساتھ منا رہے ہیں کہ پاکستان کی ترقی، سالمیت، فلاح و بہبود، خوحالی، جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کی حفاظت اور سبز ہلالی پرچم کی سر بلندی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ہم سب نے ملکی ترقی کیلئے مل کر کام کرنا ہے جبکہ آج کا دن ان شہدا کے نام ہے جنہوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دیکر ہمیں آزاد مملکت فراہم کی نیز ہم ان ماؤں کو بھی سلام اورخراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہمارے مستقبل اور بہتر آج کیلئے اپنے بچے اور سروں کے تاج وطن کی راہ میں قربان کردیئے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ان فوجی جوانوں کو بھی سلام اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو برفانی گلیشیرز، سنگلاخ پہاڑوں، تپتے ریگزاروں، پانیوں اور فضاؤں سمیت ہر جگہ وطن اور ملک و قوم کی حفاظت کیلئے سینہ سپر اور آج تک شہادتوں کی داستان کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی سالمیت پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان، چیف آف آرمی سٹاف قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمیددن رات جاگ کر ملکی سلامتی کیلئے کوشاں ہیں اور ان کی موجودگی میں وطن کا دفاع انتہائی مضبوط ہاتھوں میں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اپنی ذمہ داریاں انتہائی احسن انداز میں نبھا رہے ہیں اسلئے کوئی دشمن اپنی کسی سازش میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے جبکہ حال ہی میں ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کیلئے پاکستان کے خلاف بھارت سے افغانستان اور پی ٹی ایم غیرہ کی مدد سے 37 لاکھ ٹویٹ کی گئیں مگر ہم نے نہ صرف ان کو بلکہ بھارت کی ڈس انفارمیشن لیب میں بنائے گئے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا سراغ لگا کر ان کو بھی بلاک کیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات اپنے فرائض کی سرانجام دہی کے ساتھ ساتھ نہ صرف ملک کے خلاف پراپیگنڈہ کو زائل کرتے ہوئے بھرپور دفاع کررہی ہے بلکہ ریاست کا بیانیہ بھی آگے بڑھایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کنونشنل وار کے ساتھ ساتھ وار آف اوپینین کے ضمن میں بھی ہماری نوجوان نسل کو بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ریاست مدینہ کے تصور کولیکر آگے بڑھ رہے ہیں اور کے پی کے میں تمام آبادی کو ہیلتھ کارڈ فراہم کردیئے گئے ہیں جبکہ پنجاب کی تمام آبادی کو رواں سال کے آخر تک ہیلتھ کارڈ مل جائیں گے اور اب کوئی شخص پیسے نہ ہونے کے باعث علاج معالجہ کی سہولت سے محروم نہیں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت30 لاکھ نوجوانوں کو آسان قرضے فراہم کئے جارہے ہیں جبکہ بے گھر افرادکو مکان بنانے کیلئے بھی قرضوں کی فراہمی جاری ہے اسی طرح زرعی ترقی کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ عدل و انصاف کو قائم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ امیر اور غریب کیلئے ایک ہی قانون ہو اور طاقتور کو بھی قانون کے تابع لایا جاسکے۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ہم سب کو مل کر ملکی معیشت کو مضبوط بنانا ہے تاکہ وطن عزیز کو قرضوں سے نجات دلائی جاسکے اور یہ اسی صورت ممکن ہے جب ہم سب مل کر ملک کی بہتری و ترقی کیلئے اپنا اپنا کام اور اپنا اپنا عمل سر انجام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں اپنی تقریب میں بلایا اور اظہار خیال کا موقع فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے کیونکہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون اور ملکی نظریاتی اساس کا محافظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے رپورٹرز کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے جبکہ رپورٹرز کے ساتھ ساتھ فوٹو گرافرز، کیمرہ مینوں، ٹیکنیشنز اور دیگر ٹیکنیکل سٹاف کے استحصال کو روکنے کا عمل بھی یقینی بنایا جارہا ہے نیز حکومت انہیں ترجیحی بنیادوں پر ہیلتھ کارڈز اور رہائشی سہولیات کی فراہمی بھی ممکن بنارہی ہے۔

فیصل آباد میں نکاسی آب اور واسا کی کارکردگی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں فرخ حبیب نے کہا کہ واسا فیصل آباد کیلئے 4 ارب روپے کی گرانٹ منظور ہوگئی ہے جس سے پرانی و بوسیدہ لائنوں کی تبدیلی سمیت ڈسپوزل سٹیشنز کی بہتری، نئی مشینری، مطلوبہ تعداد میں ڈی واٹرنگ سیٹوں اور نئی جیٹر مشینوں سمیت ضروری آلات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ برساتی نالوں کی صفائی کا عمل تیزی سے جاری ہے جس سے آئندہ بارشوں کی صورت میں نکاسی آب کی صورتحال میں بہت بہتری آجائے گی۔

موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کلائمیٹ چینج گلوبل چیلنج کی شکل اختیار کرچکی ہے جس سے نمٹنے کیلئے اقدامات جاری ہیں اور وزیراعظم کا ٹین بلین سونامی ٹری پروگرام اسی سلسلہ کی کڑی ہے نیز اس بار یوم آزادی کو شجر کاری سے بھی منسلک کیا گیا ہے تاکہ شہریوں میں ہر بشر دو شجر کے تحت زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کا شعور اجاگر کیا جا سکے۔

بعض اداروں میں نئے سربراہان کی تقرری کے حوالے سے سوال کے جواب میں فرخ حبیب نے کہا کہ یہ وزیراعظم عمران خان کا استحقاق و اختیار ہے کہ وہ جسے بہتر سمجھیں اس کی تقرری کردیں جس کا مقصد اداروں کی کارکردگی میں بہتری لانا ہے۔آخر میں انہوں نے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد بھی پیش کی اور کہا کہ جس طرح علامہ اقبال کے خواب کی تکمیل قائد اعظم محمد علی جناح نے کی اسی طرح ہمیں بھی جشن آزادی کے موقع پر پاکستان کی ترقی اور سالمیت کیلئے مل کر کام کرنے کا عزم کرنا ہے۔

 اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین ایف ڈی اے چوہدری لطیف نذر، پارلیمانی سیکرٹری لیبر شکیل شاہد ایم پی اے، الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے عہدیداران بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔