حکومت پنجاب عوام کے مسائل ان کی دہلیز پرحل کرنے پر مکمل توجہ دے رہی ہے؛ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اخترملک

8

ملتان،27 ستمبر (اے پی پی ):صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اخترملک نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوام کے مسائل ان کی دہلیز پرحل کرنے پر مکمل توجہ دیئے ہوئے ہے عوام کاایک روپیہ بھی اس سال کے بجٹ سے لاہور واپس نہیں جانے دینگے بلکہ یہاں کی عوام کاپیسہ ان ہی پرچرچ کرینگے تاکہ عوام کے درینہ مطالبات پورے ہوں۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اخترملک نے یونین کونسل نمبر114بلی والامیں ترقیاتی کاموں کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے  کہاکہ بلی والایونین کونسل پاکستان تحریک انصاف کاقلعہ ہے یہاں کی عوام نے ہمیشہ ہمیں سپورٹ کیا ہم ان کا احسان نہیں بول سکتے، مشکل وقت میں بھی عوام ہمارے ساتھ تھی اورآج اقتدار میں بھی ہم اسی عوام کی طاقت کی وجہ سے ہیں۔

 صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اخترملک  نے کہا کہ حکومت پنجاب نے یونین کونسل بلی والاکوپانچ کروڑ کی گرانٹ جاری کی ہے جس سے یہاں کی عوام کے بنیادی مسائل حل ہونگے، یہ گلیوں سڑکوں کی تعمیرومرمت سیوریج لائن کی بحالی پرخرچ ہونگے، بجلی کی کم ووٹ ٹیج والے علاقوں میں نئے ٹرانسفارمرزبھی لگائے جائینگے۔

 صوبائی وزیر نے کہا کہ  عوام کے درینہ مسائل کوسمجھتے ہوئے یونین کونسل119خان پورمڑل میں سیوریج ڈسپوزل کیلئے ایک کروڑ روپیہ اور نوکروڑکے دیگرترقیاتی کاموں کیلئے جاری کرائے جن پرکام شروع ہوچکاہے۔ انہوں نے کہاکہ یونین کونسل بلی والاکوبھی دس کروڑ کی گرانٹ دینگے جس سے یہاں بھی عوای فلاحی کام ہونگے۔

اس موقع پرمیاں خالدخورشیدآرائیں،میاں عمران خورشیدآرائیں،میاں فرحان احمدآرائیں،میاں محمداشرف آرائیں،چوہدری محمدسلیم،ملک شکیل آرائیں، محمدولیدحسنین،راناعمران شمشاد،ملک عبدالروف آرائیں، ججی ڈوگر، میاں جمشیداورحاجی الطاف حسین سمیت دیگرنے بھی خطاب کیا۔

 صوبائی وزیر نے تقریب کے بعدیونین کونسل میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی وفات پران کی رہائش گاہوںپرجاکر ان کے لواحقین سے اظہارتعزیت کیااورمرحومین کی درجات کی بلندی کیلئے دعاکی۔