ملتان 12 اکتوبر (اے پی پی ):ترجمان وزیر اعلٰی پنجاب ایم پی اے سبین گل نے کہا ہے کہ حضرت محمد ﷺ کی آمد سے ظلم و جہالت کے اندھیرے ختم اور نور اسلام کی صبح روشن ہوٸی حضور نبی کریم ﷺ کا اسوہٰ حسنٰہ ہمارے لیے مشعل راہ اور نجات کا ذریعہ ہے آپؐ پر کامل ایمان کے بغیر ہمارا دین و دنیا نامکمل ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن ملتان کے زیرِ اہتمام سپورٹس ڈیپارٹنمنٹ ملتان اور 14th سٹریٹ پیزا ملتان کے تعاون سے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر عشرہ شانِ رحمت اللعالمینؐ کے سلسلہ میں 17 ویں سالانہ دو روزہ جائزہ حُسنِ نعت رسول مقبول ﷺ کے پہلے روز ای لائبریری ملتان میں منعقدہ جائزہ نعت شریف برائے طالبات کی تقریب سے بحثیت مہمانان خصوصی خطاب میں کیا۔جس کی صدارت معروف خاتون سماجی رہنما مسز طاہرہ نجم نے کی جبکہ مہمانان اعزاز میں چئیرمین پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن ملتان مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی، چئیرمین سوشل ترقیاتی گروپ ملتان ملک محمد یوسف اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم شامل تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان وزیر اعلٰی پنجاب ایم پی اے سبین گل نے مزید کہا کہ حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی آمد سے قابل جہالت کا یہ عالم تھا کہ لوگ اپنی بچیاں زندہ دفن کر دیتے تھے مگر آپؐ کی آمد سے یہ جہالت کا دور ختم ہوا اور اسلام نے خواتین کو وہ حقوق دئیے جو اس سے قبل نا تھے۔ آج کی عورت ہر میدان میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے اور پاکستان میں ان کو مردوں کے برابر حقوق حاصل ہیں۔











