پاک فوج ایک اچھی تربیت یافتہ ، مضبوط اور مربوط فورس ہے جو پاکستان کے دفاع اور سلامتی کو درپیش کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہے؛آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

19

راولپنڈی،27اکتوبر  (اے پی پی):آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ایک اچھی تربیت یافتہ اور جنگی لحاظ سے مضبوط اور مربوط فورس ہے جو پاکستان کے دفاع اور سلامتی کو درپیش کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ہیڈکوارٹر سدرن کمانڈ ملتان کے دورہ کے موقع پر کیا۔   آرمی چیف کو فارمیشن کے آپریشنل، تربیتی اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں انہوں نے کوٹ عبدالحکیم کا دورہ کیا اور اسٹرائیک کور کے دستوں کی مشقوں کا مشاہدہ کیا۔ آرمی چیف نے مشقوں میں حصہ لینے والے دستوں سے بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس طرح کی مشقیں فوجی دستوں کے اعتماد میں اضافہ کرتی ہیں اور ان کی بہترین جنگی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے پیشہ ورانہ مہارتوں کو نکھارتی ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ نے پاک فوج ایک اچھی تربیت یافتہ اور جنگی لحاظ سے مضبوط اور مربوط فورس ہے جو پاکستان کے دفاع اور سلامتی کو درپیش کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ چیلنجوں کے باوجود، ہماری توجہ پاک فوج کی روایتی صلاحیتوں بشمول آئی ایس آر، فضائی دفاع، سائبر اور میکانائزیشن کو بڑھانے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مستقبل کے میدان جنگ کی ٹیکنالوجی سے لیس صرف تربیت یافتہ فوج ہی ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حفاظت کر سکتی ہے۔

 قبل ازیں ہیڈکوارٹر سدرن کمانڈ آمد پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد چراغ حیدر نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔