اسلام آباد،28اکتوبر (اے پی پی):وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، فرضی ناموں پر کروڑوں روپے کی رقم ن لیگ کےپارٹی اکاؤنٹس میں جمع کی گئی، گزشتہ تین سال میں مسلم لیگ ن کے پارٹی اکاؤنٹس میں 45 کروڑ روپے منتقل ہوئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو الیکشن کمیشن کےباہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار روز سے پیپلز پار ٹی اور ن لیگ کے اکاؤنٹس کو دیکھ رہے ہیں، تین سال میں ن لیگ کے پارٹی اکاؤنٹس میں45 کروڑ روپے آئے، ن لیگ کے پارٹی اکاؤنٹس میں کئی مشکوک نام پائے گئے، فرضی ناموں پر کروڑوں روپے کی رقم ن لیگ کےپارٹی اکاؤنٹس میں جمع کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ فرضی ناموں کے ساتھ فنڈز ٹرانسفر کی رسیدیں موجود نہیں ،ن لیگ پارٹی اکاؤنٹس میں جمع کرائے گئے فنڈز کی رسیدیں سامنے نہیں لا سکی۔
فرخ حبیب نے کہا کہ نوازشریف توشہ خانہ کی بی ایم ڈبلیو گھر لے گئے، نواز شریف اپنی ہی پارٹی کے 4.5 کروڑ روپے ذاتی استعمال کے لئے لے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ن لیگ کے پارٹی اکاؤنٹس پر مالیاتی ماہرین کے اعتراضات الیکشن کمیشن میں جمع کرا دئیے ، پیپلز پارٹی کے اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال بھی کرنی ہے انہیں بھی حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی فارن فنڈنگ ثابت ہوئی تو ن لیگ پر پابندی لگ سکتی ہے،رسید یں نہ دینے پر یہ ہمارے شک کو یقین میں بدل رہے ہیں۔











