جلالپورپیروالا،28اکتوبر(اے پی پی ):ریجنل پولیس آفیسر ملتان سید خرم علی شاہ نے کھلی کچہری کاانعقاد کیا جس میں ایم این اے، چیئرمیں استحقاق کمیٹی رانا قاسم نون کی موجودگی میں آر پی او نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے کوشاں ہے، اس مقصد کے تحت انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کی ہدایت پر عوام کے محکمہ پولیس سے متعلق مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
یہ بات انہوں نے بستی مٹھو، شجاع آباد اور جلالپور پیروالا اسٹیڈیم میں الگ الگ کھلی کچہریوں میں لوگوں کے مسائل سن کر ان کے حل کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر چیئر مین قائمہ کمیٹی ایم این اے رانا محمد قاسم نون، شازیہ عباس،ایس پی صدر احمد رضا،ایس ڈی پی او جلالپور پیروالا آصف رضا،ایس ڈی پی او شجاع آباد گل حسن،اے ڈی آئی جی سعدیہ سعید،پی ایس او محمد یوسف بھٹی سمیت علاقہ کی سیاسی سماجی شخصیات،معززین علاقہ اور سائلین بھی موجود تھے۔
ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلی کچہری کا مقصد افسران تک سائلین کو آسان رسائی دینا ہے تاہم میرے دفتر کے دروازے بھی ہر سائل کے لیے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سائل صرف حقائق پر مبنی درخواست دیں تاکہ انہیں انصاف کی فراہمی میں تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ حقائق کے منافی مواد پر مشتمل درخواست کی انکوائری کے دوران نہ صرف تفتیش کا رخ متعین نہیں ہوتا بلکہ اس سے انصاف میں بھی تاخیر ہوتی ہے اور وقت کا بھی ضیاع ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے ڈی پی اوز، ایس پیز کو دو گھنٹے اور ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو روزانہ شام کے وقت تین گھنٹے دفتر/ تھانہ میں موجود رہ کر لوگوں کی شکایات خود سن کر ان کے حل کی ہدایات جاری کی ہیں، اس ہدایت پر عملدرآمد جاری ہے۔
ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے کھلی کچہریوں میں سائلین کے مسائل سنے اور موقع پر احکامات جاری کئے۔











