خان پور، 11 نومبر (اے پی پی ): صوبائی وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ تعلیم کی ترقی حکومت کا اولین فریضہ ہے۔
یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں خان پور کے دورہ کے دوران کہی، جہاں انہوں نے گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج میں 25 کلاس رومز کا سنگ بنیاد رکھا اور 2 نئی بسوں کی فراہمی اور ایک کوسٹر کا اعلان بھی کیا ۔پوسٹ گریجوایٹ کالج میں طلبہ ، اساتذہ اور مقامی لوگوں کی جانب سے صوبائی وزیر خزانہ کا پرجوش استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ پنجاب کا کہنا تھا کہ یہ واحد حکومت ہے جو صرف اپنے دور کی کامیابی کا نہیں بلکہ قوم کے مستقبل کاسوچ رہی ہے، پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے تعلیم اور معاشی سرگرمیوں کا فروغ ہی بہترین حکمت عملی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کے لیے جتنی اہم تعلیم ہے اتنی ہی ضروری تربیت بھی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ شہر میں شجر کاری ، صفائی مہم اور وبائی امراض سے تحفظ کے لیے عوامی تعاون ضروری ہے ۔عوامی آگاہی کے لیے جو خدمات طالبعلم سر انجام دے سکتے ہیں وہ کوئی اور طبقہ نہیں دے سکتا ۔تعلیم کے حصول کے ساتھ معاشرے میں اپنی زمہ داریوں سے آگاہی بھی ضروری ہے جو تربیت کی مرہون منت ہے
تقریب میں پرنسپل رفیق احمد صدیقی، راجہ محمد سلیم ،چوہدری محمد اظہر، رئیس محبوب ،اسسٹنٹ کمشنر محمد فہیم ،چیف آفیسر مسرت عباس ،مشرف جتوئی و دیگر موجود تھے ۔











