سکھر:   تاجروں پر جبری ٹریڈ لائسنس فیسوں ، دکانداروں کو نوٹس جاری کرنے کے خلاف   احتجاجی مظاہرہ

87

سکھر،03نومبر(اے پی پی): میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تاجروں پر جبری ٹریڈ لائسنس فیسوں ، دکانداروں کو نوٹسز جاری کرنے کے خلاف انجمن تاجران مشن روڈ کی جانب سے شٹر ڈاون ہڑتال کر کے سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاویدمیمن ، ظہیر حسین بھٹی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن، ظہیر حسین بھٹی کا کہنا تھا کہ سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تاجروں پر جبری طور پر عائد کردہ ظالمانہ ٹیکس نظام کو کسی بھی صورت قبول نہیں کرینگے،میونسپل کارپوریشن کے ظالمانہ ٹیکس نظام کو پوری تاجر برادری مسترد کر چکی ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری پہلے ہی کئی اقسام کے ٹیکسز ادا کرتے ہیں جس سے شہر اور ملک کا نظام چلتا ہے اس کے باوجود تاجروں کو سہولیات اور مراعات فراہم کرنے کے بجائے تاجروں کو ہی تنگ و پریشان کیا جا رہا ہے ،دو سالوں سے کورونا وباءکے باعث تجارتی سرگرمیاں ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے۔