ملتان،03 نومبر(اے پی پی ): صوبائی وزیر برائے توانائی ڈاکٹرمحمد اختر ملک نے ضلع لیہ کی تحصیل چوبارہ میں زینفا سولر پراجیکٹ چوبارہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے ۔اس موقع پر پراجیکٹ جنرل مینیجر ثمینہ ناز نے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر برائے توانائی ڈاکٹرمحمد اختر ملک نے زینفا سولر پراجیکٹ کا معائنہ بھی کیا۔
بعدازاں صوبائی وزیر برائے توانائی ڈاکٹرمحمد اختر ملک نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ زینفا سولر پراجیکٹ سے 100 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی جبکہ اس پراجیکٹ پر 57 ملین ڈالر لاگت آئے گی، اس منصوبہ میں 80فیصدمقامی لیبر کام کررہی ہے جبکہ ٹیکنکل شعبہ میں بھی مقامی افراد کو ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ زینفا سولر پراجیکٹ سے 5 روپے 80 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا ہوگی جبکہ گزشتہ ادوار کے سولر پراجیکٹ 25 روپے فی یونٹ پر لگائے گئے۔
صوبائی وزیر برائے توانائی ڈاکٹرمحمد اختر ملک نے کہاکہ زینفا سولر پراجیکٹ علاقہ کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا، یہ منصوبہ آئندہ سال جنوری سے کام شروع کردے گا،اس منصوبہ پر 80فیصد سرمایہ کاری پاکستان کی نجی کمپنی کی ہے اوریہ پراجیکٹ پاکستان کا سستاترین سولر پاور پراجیکٹ ہے، اس سے نیشنل گرڈ اسٹیشن کو سستی بجلی فراہم کی جاسکے گی اور علاقہ میں بجلی کے وولٹیج کا مسئلہ بھی ختم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے بعد چوبارہ کو سپیشل اکنامک زون میں بھی شامل کریں گے جبکہ پراجیکٹ کے اطراف میں کلین گرین مہم کے تحت 5 ہزار پھل دار درخت بھی لگائے جائیں گے۔
ڈاکٹرمحمد اختر ملک نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں نوجوانوں کی فنی تربیت کے لئے ٹیکنکل ادارے کا قیام اور مستحق افراد کے علاج معالجہ کے لئے زینفا کے زیراہتمام ہسپتال کا قیام بھی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ بھر میں 24سوبنیادی مراکزصحت جبکہ جنوبی پنجاب کے 3ڈویژنز میں 11ہزار پرائمری سکولوں کو سولرسسٹم پر منتقل کیاگیا ہے جس میں لیہ کے 672پرائمری سکول بھی شامل ہیں۔
صوبائی وزیر ڈاکٹرمحمد اختر ملک نے کہاکہ اگلے مرحلے میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتالوں کو سولر سسٹم پر منتقل کیاجائے گا،حکومت مرحلہ وار تمام سرکاری دفاتر ،پناہ گاہوں،دارالامان کوسولر سسٹم پر منتقل کرے گی جس سے صوبہ پنجاب نہ صرف پاکستان بلکہ ایشیاءمیں سولرسسٹم پر منتقل ہونے والا پہلاخطہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ عثمان خان بزدار محروم طبقات اور علاقوں کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں جن کا ویژن اس خطہ کو کلین اینڈگرین انرجی پر منتقل کرنا ہے اوریہی وجہ ہے کہ ہم نے صوبہ پنجاب کو سولر صوبہ ڈیکلیئر کیا ہوا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہاکہ ہمارے خطہ میں ہوا اور بجلی سے توانائی پیداکرنے کے وسیع مواقع ہیں یہی وجہ ہے کہ ہماری حکومت 7بڑے اور 5چھوٹے ڈیم بنارہی ہے۔انہوں نے کہ سولرسسٹم سے پرائمری سکولوں میں طلبہ کے داخلوں کی شرح میں اضافہ ہواہے جبکہ بنیادی مراکزصحت میں ادویات اور ویکسین کو محفوظ رکھنے میں بھی آسانی ہوتی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ضلع لیہ کے علاقے چوبارہ میں 100 میگا واٹ کا سولر پراجیکٹ ایک انقلابی منصوبہ ہے کیونکہ یہاں سورج کی روشنی کی فراوانی ہے سارا سال سورج اپنی آب و تاب کے ساتھ چمکتا دمکتا رہتا ہے جو یقیناًایسے منصوبوں کو پروان چڑھانے میں ممدومعاون ثابت ہوگا، سولر پراجیکٹ منصوبہ سے سستی بجلی کی پیداوار کو یقینی بناکر ملک کو ترقی کی راہ پرگامزن کیاجاسکتا ہے ۔
صوبائی وزیر ڈاکٹرمحمد اختر ملک نے کہاکہ حکومت پنجاب قدرت کے تحفے سورج کو استعمال میں لا کراربوں روپے کی بچت پالیسی پر عمل پیرا ہے جس کے دور رس نتائج نکلیں گے اور اس جیسے گیم چینجر منصوبوں سے سستی بجلی کے ذریعے کاروباری سرگرمیاں بھی بڑھائی جاسکتی ہیں ۔
ممبر قومی اسمبلی ملک نیاز احمد جکھڑ، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری زراعت محمد طاہر رندھاوا، ایم پی اے ملک احمد علی اولکھ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیواشفاق حسین سیال ،پی ٹی آئی رہنما چوہدری بشارت رندھاوا بھی موجودتھے۔











