غریبوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے احساس راشن پروگرام کا اعلان

18

اسلام آباد، 04 نومبر (اے پی پی ): ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے  پیش نظر غریبوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے  احساس راشن پروگرام  کا اعلان ۔پروگرام کے ڈیزائن کے مطابق، احساس راشن پاکستان بھر میں 20 ملین گھرانوں کا احاطہ کرے گا جن کا غربت اسکور 39 سے کم ہے اور ان کی ماہانہ آمدنی 31,500 روپے تک ہے۔ انہیں گروسری کی خریداری پر 30% سبسڈی دی جائے گی۔

اس پروگرام  میں دواقسام کے مستحقین مستفید ہونگے۔ ایک وہ جو حال ہی میں مکمل ہونے والے احساس سروے کے ذریعے شناخت کیے گئے تقریباً 20 ملین خاندان  ہیں۔  دوسرے  وہ لوگ جو پہلے ہی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔ مجموعی طور پر  اس پروگرام سے ملک بھر میں 130 ملین افراد مستفید ہوں گے جو کہ آبادی کا 53 فیصد ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے 120 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا  کہ یہ حکومت پاکستان کی تاریخ کا سب بڑا “فلاحی پروگرام” ہوگا جو ملک کو فلاحی ریاست بننے کی جانب ایک قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر 120 ارب روپے کا ریلیف پیکج دے رہی ہیں، جس میں آٹے، دالوں اور گھی پر 30 فیصد سبسڈی دی جائے گی۔

 وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ یہ سبسڈی آئندہ چھ ماہ تک ہوگی۔ فائدہ اٹھانے والوں کی آن لائن رجسٹریشن کے لیے، احساس پروگرام اگلےہفتے ایک رجسٹریشن پورٹل کھولے گا۔اس کے بعد رجسٹرڈ افراد کو ایک راشن کارڈ دیا جائے گا جس کے ذریعے وہ تیس فیصد سبسڈی پر نامزد گروسری یا یوٹیلٹی اسٹورز سے آٹا، دالیں، گھی اورکوکنگ آئل خرید سکیں گے۔