لنگر خانے میں کھانے کے معیار کی بہتری یقینی بنائی جائے: جاوید اخترمحمود

28

ملتان 17 نومبر (اے پی پی )؛ سیکرٹری ہاؤسنگ جاوید اخترمحمود نے کہا ہے کہ بارتھی میں سٹریٹ لائٹس اور سولر لائٹس کی بنیاد کو فوری تبدیل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔متعلقہ ایکسیئن اور ٹھیکے دار کو فوری کام مکمل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔بارتھی ہسپتال میں ویکسین کی دستیابی کو یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کر دیئے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار بارتھی میں سٹیڈیم، مسجد، لنگر خانے،قبرستان، جنازہ گاہوں اور بارتھی مرکز صحت کے دورے کے موقع پر کیا۔۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زاہد اقبال بھی موجو د تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنازہ گاہ میں تمام سہولیات کو مکمل کیا جائے۔انہوں نے سٹریٹ لائیٹس کا معائنہ بھی کیا۔سولر لائیٹس کی تزئین و آرائش کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ لنگر خانے میں کھانے کے معیار کی بہتری یقینی بنائی جائے۔ بارتھی ہسپتال میں بچھو کے کاٹنے کی ویکسین کی دستیابی اور فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔سٹیڈیم کے دورہ کے موقع پر انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم کی بلڈنگ کی تزئین و آرائش کو مکمل کیا جائے۔اور گھاس کو پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈھاکہ گھاس کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے دور افتادہ مقامات پر لنگر خانے، اسٹیڈیم، مراکز صحت، عبادت گاہوں، قبرستانوں اور دیگر مقامات پر ترقیاتی کاموں کو مزید تیز کیا جائے گا۔پبلک ہیلتھ انجینئرنگ جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں بھر پوراقدامات کر رہا ہے۔ تمام منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کریں گے۔