ملتان، 09 نومبر (اےپی پی ):سجادہ نشین دربار حضرت سخی نواب ؒ ملتان مخدوم سید زوہیب گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان علامہ اقبال ؒ کی دوراندیشی اور خواب کی بدولت معرض وجود میں آیا ،علامہ اقبال ؒ برصغیر کےمسلمانوں کا درد اپنے سینے میں محسوس کرتے تھے، وہ کہتے تھے کہ مسلمان اپنی الگ شناخت رکھتے ہیں، اس لیے ان کا الگ وطن ہونا چاہیے ،قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے علامہ اقبال ؒ کے خواب کو عملی جامعہ پہنایا اور ہمیں الگ مملکت پاکستان حاصل کرکے دی ،علامہ اقبال ؒ سچے عاشق رسول ﷺ تھے قرآن پاک اور سیرت طیبہ ﷺ علامہ اقبال ؒ کی شاعری کا محور ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان،نظریہ پاکستان فورم ملتان اور پنجاب اوور سیز پاکستانیز کمیشن ڈسٹرکٹ ملتان کے زیرِ اہتمام فورٹین سٹریٹ پیزا ملتان، شمع بناسپتی و کوکنگ آئل اور ویز واش ملتان کے تعاون سے یومِ ولادت حضرت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ کے موقع پر سہہ روزہ تقریبات کے دوسرے روز ای لائبریری ملتان میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب میں کیا۔جس کی صدارت سماجی رہنما صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم نے کی جبکہ دیگر مہمانانِ گرامی میں ممبر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن ملک محمد عرفان اُتیرا،ماہر تعلیم پروفیسر اعظم حسین،سماجی رہنما رشید عباس خان اور مارکیٹنگ منیجر شمع بناسپتی عمران اعظمی شامل تھے۔
اس موقع پر تقریب میں سکول اور کالجز کے طلباء وطالبات میں تقاریر،کلامِ اقبال کے مقابلے ہوئے جس میں منصف کے فرائض ماہر تعلیم پروفیسر محمود ڈوگر نے سرانجام دیئے جن کے فیصلے کے مطابق مقابلہ تقریر پرائمری لیول میں اول اوج طارق، دوم نمرہ خان، سوم طوبٰی بتول، ہائی لیول میں ایمن عمر گورنمنٹ مسلم گرلز ہائی سکول، دوم اریبہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول محلہ ڈوگراں ملتان، سوم زینب رفیق گورنمنٹ اسلامیہ گرلز ہائی سکول دولت گیٹ ملتان، کالج لیول میں اول ماریہ رشید الھدیٰ اکیڈمی، دوم حافظ محمد کاشف رحمان گورنمنٹ کالج سول لائنز ملتان جبکہ انگلش تقریر میں اول عمیمہ، دوم ستارہ اور سوم قراۃ العین رہیں کلامِ اقبال پرائمری میں اول مریم رشید اور فائقہ رشید گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مون لائٹ ملتان، دوم طحٰہ موسیٰ حمزہ پبلک سکول ملتان، سوم مومنہ اور زائد الحسن لاریٹس گروپ آف سکولز ملتان ہائی لیول میں اول معظم علی گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری سکول ملتان، دوم صالحہ شہزاد گورنمنٹ گرلز ہائی سکول محلہ ڈوگراں اور سوم مناہل فاطمہ ایجوکیشن زون ہائی سکول ملتان رہیں۔ ان طلبا و طالبات میں حوصلہ افزائی کے لیے علامہ اقبال ادبی ایوارڈ 2021، علامہ اقبال کی تصانیف اور سیرت النبی ﷺ پر مبنی کتب اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیئے گئے جبکہ نظامت کے فرائض ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن کے ممبرز شاہد عباس، محمد عقیل شریف اور محمد جمیل نے اداء کیے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانانِ گرامی ملک عرفان اتیرا، عمران اعظمی، رشید عباس خان اور نعیم اقبال نعیم نے کہا کہ اقبال کی شاعری قرآن پاک اور حدیث شریف کی تفسیر ہے جس میں قرآن پاک کا ترجمہ ہے اقبال نے اُمتِ مسلمہ کو اپنی کھوئی ہوئی اسلامی اقدار یاد کرواتے ہوے خواب غفلت سے بیدارکیا علامہ اقبال ؒ اسلامی اصولوں کی روشنی میں عہدِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ مملکت کا قیام چاہتے تھے۔
تقریب سے ضمیر احمد قریشی، مختار سومرو، اکرم نوری، محمد عارف اویسی،عدنان خان،اقبال لودھی، زیشان بھٹی و دیگر اور طلبا و طالبات نے بھی خطاب کیا۔











