سکھر: قائداعظم کے یوم پیدائش کے موقع پر سول سوسائٹی کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، کیک کاٹا گیا

33

سکھر،25دسمبر(اے پی پی): قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر سول سوسائٹی کے زیر اہتمام پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی۔ شرکاءنے ہاتھوں میں قومی پرچم اور قائد اعظم محمد علی جناح کی تصاویر اٹھا رکھی تھی ،ریلی سکھر پریس کلب کے پہنچنے کے بعد ایک تقریب کی شکل اختیار کرگئی۔ ریلی کی قیادت میں سول سوسائٹی کے نمائندگان شامل تھے۔

 شرکاءریلی کی جانب سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

 رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا پہلا اور آخری پڑاؤ ہے،اس کی حفاظت کرنا ہر پاکستانی کا فرض بنتاہے، قائد اعظم نے تصور پاکستان کے زریعے مسلم دنیا میں آزادی کا ایسا جنون اور ولولہ پیدا کیا کہ ایک دن پاکستان کا پرچم دنیا میں لہرا دیا گیا۔

شرکاء نے مزید کہا کہ آج قائد اعظم کے بہادر نڈر اور بے باک سپاہی شاہین کی طرح اپنے ملک کی حفاظت میں محو پرواز ہیں، قائد اعظم کا پاکستان پوری شان وشوکت سے قائم و دائم ہے اور انشاءاللہ قیامت تک قائم دائم رہے گا،آج کا دن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ قائد اعظم کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر پاکستانی پرچم کے سائے تلے متحد ہو وطن عزیزکے مفادات کے لئے کام کریں۔

اختتام ریلی میں ملک کی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

سورس: وی این ایس، سکھر