قائداعظم محمد علی جناح انٹر تحصیل ٹیبل ٹینس چیمپین شپ ملتان سٹی نے جیت لی

30

ملتان، 25 دسمبر (اے پی پی): قائداعظم محمد علی جناح انٹر تحصیل ٹیبل ٹینس چیمپین شپ ملتان سٹی نے جیت لی۔سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کے زیر اہتمام  قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے سلسلہ میں اننٹر تحصیل ٹیبل ٹینس چیمپین شپ  کا ملتان جمنیزیم میں انعقاد کیا گیا۔جس میں ملتان سٹی کی ٹیم جو کہ  کپتان مناہل اعظم،حذیفہ،رجل اعظم پر مشتمل تھی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان صدر کی ٹیم جو کہ علی عمران شمائلہ جاوید احتشام اور حادی پر مشتمل تھی کو ہراکر ٹائٹل جیت لیا۔

اس موقع پر ایک تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی چیرمین سپورٹس اینڈ کلچرل کمیٹی ملتان رانا ندیم انجم، سیکرٹری عبیداللہ  انصاری تھے اس موقع پرڈسڑکٹ سپورٹس آفیسر ملتان فاروق لطیف  اور خواجہ حسن ودود اعظم جارج  بھی موجود تھے۔

فاروق لطیف نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش کے موقع پر اس طرح کے مقابلہ جات کا منعقد کرنا ان کی ذات کو خراج تحسین پیش کرنا یے کہ انہوں نے انتھک محنت کرکے ہمارے لیے آزاد ملک کا قیام عمل میں لایا۔

مہمان خصوصی رانا ندیم انجم نے کہا کہ آج کا دن اس عظیم شخصیت کو سلام ہیش کرنے کا دن ہے جس کی بدولت آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کا اس یادگار دن کی مناسبت سے کھیلوں کے مقابلہ جات کرانا احسن اقدام یے۔

عبید اللٰہ  انصاری نے کہا کہ زندہ دل قومیں اپنے محسنوں کی یاد اسی طرح مناتی ہیں۔ہمارے لیے باعث فخر ہے کہ ہم ایک آزاد ملک کے شہری ہیں اور یہ صرف قائد اعظم کی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت ممکن ہوا ہے۔

خواجہ حسن ودود نے اس دن کی مناسبت سے قائد اعظم محمد علی جناح کی ذات پر روشنی ڈالی اور ان کی شخصیت کے روشن پہلو سے نئی نسل کو آگاہی دی۔

 تقریب کے اختتام پر دونوں ٹیم کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

سورس: وی این ایس ،ملتان