حیدرآباد کی تاریخی تفریح گاہ رانی باغ میں ” حیدرآباد فیملی فیسٹیول” کا افتتاح کر دیا گیا

56

حیدرآباد،25دسمبر  (اے پی پی): ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے حیدرآباد کی تاریخی تفریحی گاہ رانی باغ میں پاکستان آرمی اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے منعقدہ حیدرآباد فیملی فیسٹیول کا ربن کاٹ کر افتتاح کیا ۔ انہوں نے خصوصی طور پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 145ویں یوم پیدائش کے موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو ، ایس ایس پی حیدرآباد ساجد امیر سدوزئی ،ڈی ایچ او حیدرآباد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیدرآباد قائم اکبر نمائی اور دیگر کے ہمراہ کیک بھی کاٹا ۔

 بعد ازاں میڈیا سے بات چیت  کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پاک آرمی کی جانب سے حیدرآباد شہر کے لوگوں کو کافی عرصہ کے بعد تفریح فراہم کرنے کیلئے فیسٹیول کا انعقاد خوش آئند بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرامز منعقد کر کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ تفریح فراہم کی جائیگی۔

محمد عباس بلوچ نے کہا کہ حیدرآباد کی قدیمی تفریح گاہ رانی باغ کی بحالی کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے تاکہ تاریخی تفریح گاہ کی رونقیں دوبارہ بحال ہو سکیں۔ انہوں نے فیملی فیسٹیول کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کے انتظامات کو سراہا اور کہا کہ حیدرآباد ایک پر امن شہر ہے اور یہاں کے لوگ امن پسندہیں ۔

 ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال کافی بہتر ہے تاہم عوام الناس کو اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی ویکسی نیشن کو یقینی بنائیں اور 50سال سے زائد عمر کے لوگ بوسٹر ڈوز لگوائیں۔

قبل ازیں ڈویزنل کمشنر حیدرآباد نے آرمی پبلک اسکول کے شہداءکی یادگار کے سامنے شمعیں روشن کیں ۔

 فیملی فیسٹیول میں مینا بازار ،کڈز کارنر فوڈ کورٹ ، سندھی ثقافتی اسٹالز، پھولوں کی نمائش ، صنعتی و تجارتی نمائش کے اسٹالز لگائے گئے ہیں جہاں عوام الناس  کی بڑی تعداد اسٹالز دیکھنے اور خریداری کرنے کیلئے پہنچ رہے ہیں ۔ فیسٹیول میں محفل موسیقی کا  بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں ملک کے نامور گلوکاروں نے پرفارم کیا۔ یہ فیسٹیول یکم جنوری 2022 تک جاری رہے گا۔

سورس:وی این ایس، حیدرآباد