نوجوان پاکستان کاقیمتی اثاثہ ہے ، یہ طبقہ ملک و قوم کی تقدیر بدلنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے؛ وزیر مملکت   فرخ حبیب

20

فیصل آباد،  10  دسمبر  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان کی 60فیصد آبادی 18سے 35سال کے نوجوانوں پر مشتمل جبکہ یوتھ پاکستان کاقیمتی اثاثہ جس کی تعداد 12کروڑ ہے اور یہ طبقہ ملک و قوم کی تقدیر بدلنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے لیکن اس کیلئے ہمارے پاس بڑا خواب اور مقصد ہونا چاہیے جو یوتھ کو بڑا لیڈر بننے اور تاریخ میں نام لکھوانے میں معاون ہوسکے۔

وہ فاسٹ نیشنل یونیورسٹی چنیوٹ کے فیصل آباد کیمپس میں منعقدہ دو روزہ قومی پاکستان آئی ٹی پروفیشنلز کانفرنس کے شرکا سے خطاب کررہے تھے جس کا انعقادفاسٹ نیشنل یونیورسٹی کے سٹوڈنٹس چیپٹر اے سی ایم نے ٹیکنو لینگز کے اشراک سے کیا تھا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ کا خواب کتنا بڑا ہے اور اس پر آپ کا فوکس کتنا ہے کیونکہ اگر آپ کے اندر صلاحیت ہے اور جذبہ نہیں ہے تو آپ کبھی بڑے انسان نہیں بن سکتے اوراس کیلئے آپ کے اندر خوف کا بت نہیں ہونا چاہیے لہٰذا کامیابی کا پہلا زینہ چڑھنے کیلئے آپ نے اپنے اندرسے ناکامی کے خوف اورمیں کے بت کو توڑنا اور تکبر کی بجائے تحمل کو اختیار کرنا ہے کیونکہ میں کا بت آپ کو لیڈر نہیں بننے دیتااسلئے آپ محنت نہ چھوڑیں۔انہوں نے کہا کہ زندگی جدو جہد مسلسل کا نام ہے اسلئے اگر اقبال کا شاہین بننا ہے تو محنت کرنا ہو گی اور خوف کے بت کو توڑنا ہو گا پھر اللہ تعالیٰ کی مدد آئے گی۔

وزیر مملکت  نے کہا کہ آپ کا آئی ٹی کی فیلڈ کے ساتھ تعلق ہے اسلئے آپ کو چاہیے کہ آپ اپنے ملک کیلئے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ایٹم بم اور دنیا کی بہترین فوج اور وسائل موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے 100سال میں کورونا جیسا وائرس آج تک نہیں آیا جس سے پوری دنیا تبدیل ہو گئی اور اس سے پاکستان کی تعلیم و معیشت سب سے زیادہ متاثر ہوئی۔انہوں نے کہا کہ جب کورونا کی وبا آئی تو ہمارے پاس ماسک تک نہیں تھے مگر ہمارے ٹیلنٹڈ صنعتی شعبہ نے اتنے ماسک تیار کئے کہ اب ہم ان کی ایکسپورٹ کررہے ہیں یعنی ماسک مہنگا ہوا تو پاکستان میں سستا ماسک بننے لگ گیاپھر ہم نے اپنے وینٹی لیٹرز بھی تیار کرلئے اسی لئے ضرورت کو ایجاد کی ماں کہا گیا ہے کیونکہ اگر ضرورت نہ پڑتی تو شاید ہم اس طرف توجہ نہ کرتے۔پھرہم نے آن لائن سکول ایجوکیشن شروع کر دی، ٹیلی میڈیسن کا آغاز کیااورکورونا سے بچاؤ کے حفاظتی لباس کی کٹس بننا شروع ہو گئیں۔

فرخ حبیب  نے کہا کہ پاکستان اور پاکستانیوں نے ہمیشہ مشکل وقت میں بہتر پر فارم کیا ہے۔انہوں  نے کہا کہ عمران خان کرکٹ کے میدان میں آئے تو انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ وہ اچھے کھلاڑی نہیں بن سکتے لیکن ا نہوں نے بن کر دکھایاپھرکہا گیا کہ وہ اچھے باؤلر نہیں بن سکتے لیکن وہ اچھے باؤلر بھی بنے،پھرکہا گیا کہ اچھے بیٹس مین نہیں بن سکتے مگر انہوں نے اچھا بیٹس مین بن کے دکھایا،پھر کہا گیاکہ یہ ورلڈ چیمپئن نہیں بن سکتے لیکن وہ اچھے ورلڈ چیمپئن بھی بن گئے۔انہوں نے کہا کہ عمران نیشن بلڈنگ کی بات کرتے ہیں وہ کہتے ہیں کہ ہم نے ملک کو قرضوں سے بچانا ہے کیونکہ ہماری آمدن سے زیادہ خرچے ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ہماری آئی ٹی کی ایکسپورٹ2ارب ڈالر تک جا چکی ہے جس کو اس سال 3ارب ڈالر تک لے جا یا جائے گااسی طرح ہم نے کامیاب جوان پاکستان پروگرام کے تحت آپ نوجوانوں کو ایک ملین سے لے کر 2کروڑ روپے تک بہت ہی کم انٹرسٹ ریٹ پر بینکوں سے قرضہ کی سہولت فراہم کی جو پاکستانی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ملی تھی لہٰذا اس رقم سے نوجوان اپنا کاروبار شروع کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 2لاکھ نوجوانوں کو مختلف سکلز میں آگے لے کر جانا ہے جن میں سے25 ہزار نوجوانوں کی مختلف سکلز میں سرٹیفکیشن ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پاکستانی یوتھ پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ اب آپ بینک سے قرضہ لے کر کاروبار کر سکتے ہیں اور یہ عمران خان کا ہی ویژن ہے کہ انہوں نے آپ نوجوانوں کو جاب ڈھونڈھنے والے کی بجائے آپ کو جاب دینے والا بنا دیاہے مگر اب آپ نے ناممکن کو ممکن بناکر دکھانا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے۔انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان ڈیجیٹل پے منٹ پر بہت زیادہ سہولتیں دے گا اور ٹیکس ریلیف بھی ملے گا لہٰذااب ملک میں زیادہ سے زیادہ انٹر نیٹ کی ضرورت ہے اور ہم انٹر نیٹ کے نظام کو وسیع کرنے کیلئے 31ارب روپے خرچ کر رہے ہیں۔انہوں  نے کہا کہ فیصل آباد کے اندر فیڈمک میں صنعتکاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ہم پاکستان میں مختلف جگہوں پر ٹیکنالوجی زون بنانے جا رہے ہیں جس کا آغاز اسلام آباد میں کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ سے سپیشل ٹیکنالوجی زون کا ایکٹ پاس کروایا ہے اور پاکستان میں اگلے سال5جی بھی آئے گااور اس کے ساتھ ساتھ ہم 3جی اور4 جی کو بھی بہتر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم سافٹ ویئر ایکسپور ٹ پر بھی کام کر رہے ہیں جبکہ ہم سب نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہے۔انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ یہاں سے آپ نے جو سیکھا ہے اسے آگے پہنچانا بھی آپ کا فرض ہے۔

وزیر مملکت فرخ حبیب  نے کہا کہ ہم 50ارب روپے کے سکالر شپ دے چکے ہیں اور جو بچے آگے پڑھنا اور آگے بڑھناچاہتے ہیں ان کوبھی 2 لاکھ سکالر شپ احساس پروگرام کے تحت یئے جا چکے ہیں جبکہ مزید سکالر شیس کی فراہمی بھی جاری رکھی جا ئے گی تاکہ کوئی ٹیلنٹڈ جوان اس وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے کہ اس کے پاس اعلیٰ تعلیم کیلئے وسائل نہیں۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح کے پروگرام صوبوں نے بھی شروع کئے ہیں جنہیں وفاقی حکومت تمام ممکن معاونت فراہم کرے گی۔قبل ازیں آئی ٹی ماہرین نے اپنی زندگی کے پیشہ ورانہ تجربات سے ڈیجیٹل انٹر پرینیوریل ایکو سسٹم کو سپورٹ کرنے کے طریقے شیئر کئے اور بتایا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے سے پریکٹیکل لرننگ اور سوشل نیٹ ورکنگ کے مواقع حاصل ہوں گے۔

تقریب میں یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔کانفرنس کے اختتام پر وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر طلباو طالبات میں ایوارڈزاور انعامات تقسیم کئے جبکہ ڈائریکٹر فاسٹ یونیورسٹی چنیوٹ فیصل آباد کیمپس ڈاکٹر شہزاد سرفرازنے وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب کو سو وینیئر بھی پیش کیا۔