فیصل آباد، 26 جنوری (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کے وفد نے بدھ کے روز فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی(فیڈمک) میں قائم ہنڈائی نشاط مینو فیکچرنگ (پرائیویٹ)لمیٹڈکے پلانٹ کا دورہ کیا۔وفد کی قیادت قائمہ کمیٹی کے چیئر مین ساجد حسین طوری کر رہے تھے۔
ہنڈائی نشاط کمپنی کے سی ایف او نوریز عبداللہ نے قائمہ کمیٹی کے ارکان کو کمپنی کے بارے میں تفصیلاً بریفنگ دی۔ اس موقع پر بعض ممبران قائمہ کمیٹی کی طرف سے ہنڈائی نشاط کمپنی کی پیداوار، مقامی سطح پر تیار کردہ پرزہ جات و دیگر امور بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں ممبران قائمہ کمیٹی کو ہنڈائی نشاط موٹر پلانٹ کا تفصیلی دورہ بھی کروایا گیاجہاں انہوں نے گاڑیوں کی تیاری و اسمبلنگ کے مختلف مراحل کا اپنی آنکھوں سے جائزہ لیا۔
اس موقع پر چیئر مین قائمہ کمیٹی ساجد حسین طوری نے کہاکہ حکومت ملک میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی خواہاں ہے اور اس دورے کا مقصد پیداواری یونٹ کے بارے میں تفصیل کے ساتھ جاننا تھا تاکہ سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
بعد ازاں ممبران قائمہ کمیٹی نے شجر کاری مہم کے سلسلہ میں پلانٹ کے احاطہ میں پودے بھی لگائے اور ان کی بار آوری کی دعا کی۔
قائمہ کمیٹی کے دیگر ارکان ارباب عامر ایوب،ساجد ہ بیگم،شاندانہ،گلزار خاں،صاحبزادہ صبغت اللہ،حامد طلال، سید مبین احمد،عبدالغفار وٹو،عبدالرحمن کانجو، سید مصطفی محمود،ناصر خان موسیٰ زئی،عالیہ حمزہ ملک،اسامہ قادری،علی گوہر خان،محمد ریاض،رانا محمد اسحاق خان و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
کمپنی کے ڈائریکٹر محمود اختر، جی ایم پروڈکشن فیض الرحمن، ڈاکٹر عثمان چاچڑ،ایڈیشنل سیکرٹری وزارت صنعت وپیداوار عاصم ایاز،مسٹر کیم وی پی پروڈکشن بھی موجود تھے۔











