مافیا اور عالمی   بحران  کا سامنا ہے  لیکن حالات قابو میں  ہیں ،جلد  بہتر ہوں  گے؛وزیر مملکت فرخ حبیب

23

فیصل آباد ،2جنوری  (اے پی پی):وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت کو  مافیا اور عالمی   بحران  کا سامنا ہے  لیکن حالات قابو میں  ہیں ،جلد  بہتر ہوں  گے۔

وہ یونین کونسل 81 میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو گھر کی دہلیز کے قریب تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ ہیلتھ انشورنش سکیم متعارف کرائی جس کے تحت لاہورڈویژن سے ہیلتھ کارڈز کی فراہمی کا آغاز کردیا گیا ہے اور اب9 فروری سے فیصل آباد کے شہریوں کو بھی  ہیلتھ کارڈ فراہم کردیئے جائینگے جس سے ہر گھرانہ اپنا اور اہل خانہ کا پسند کے ڈاکٹر سے پسند کے ہسپتال میں 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کراسکے گا۔انہوں نے کہا کہ  حکومت گھروں کی تعمیر کیلئے آسان شرائط پر قرض فراہم کررہی ہے اسی طرح نوجوانوں کو کاروبار کیلئے 5 لاکھ روپے تک  بلاسود قرضے دیئے جارہے ہیں۔

 فرخ حبیب نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے 120 ارب روپے کا احساس راشن پروگرام متعارف کرایاجس کے تحت 2 کروڑ گھرانوں کو اشیائے ضروریہ رعایتی نرخوں پر دستیاب ہونگی جس سے غریب اور کم آمدنی والے افراد کو بھرپور ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں ترقیاتی کاموں پر 740 ارب روپے خرچ کررہی ہے اوروزیراعظم عمران خان ذاتی نہیں بلکہ ملک اور قوم کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں جبکہ تاریخ میں پہلی بار تمام بجٹ صرف لاہور پر خرچ کرنے کی بجائے برابری کی سطح پر تمام اضلاع کو گرانٹس فراہم کی جارہی ہیں تاکہ تمام علاقوں میں یکساں ترقی ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر اشیا کی قیمتیں بڑھنے سے دیگرملکوں کی طرح پاکستان بھی متاثر ہولیکن رواں سال مؤثر حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی میں نمایاں کمی دیکھنے کو ملے گی بلکہ گزشتہ ماہ کے دوران آلو، ٹماٹر، پیاز اور دیگر کئی اشیا کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

سورس:وی این ایس، اسلام آباد