پی اینڈ ڈی نے تمام محکموں کو فنڈز کے استعمال پر ٹارگٹ دئیے ہیں، موجودہ ماہ میں 200 ارب تک فنڈز کے استعمال کو یقینی بنائیں گے؛چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبد اللہ خان سنبل

31

لاہور، 12 جنوری (اے پی پی): چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبد اللہ خان سنبل نے کہا ہے  کہ پی اینڈ ڈی نے تمام محکموں کو فنڈز کے استعمال پر ٹارگٹ دئیے ہیں، موجودہ ماہ میں 200 ارب تک فنڈز کے استعمال کو یقینی بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  پی اینڈ ڈی کمپلیکس میں میڈیا  کے نمائندگان سے ملاقات میں کیا۔ چیئرمین نے صوبہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کیا۔ملاقات میں ترقیاتی منصوبہ جات پر فنڈز کے استعمال پر بھی میڈیا کو بریفنگ دی گئی ۔

عبد اللہ خان سنبل نے کہا کہ پنجاب کے ٹوٹل بجٹ کا حجم 560 ارب سے بڑھا کر 646 ارب کیا گیاہے، 170ارب کے فنڈز مختلف ترقیاتی منصوبہ جات پر خرچ کئے جا چکے ہیں جن میں سے 104 ارب روپے جاری اور 49 ارب نئی سکیموں پر خرچ کئے گئے ہیں ،صوبہ میں اس وقت 4433 نئی سکیمیں اور تقریبا 3 ہزار سے زائد پہلے سے جاری سکیمیں ہیں جن پر مسلسل کام ہو رہا ہے۔

چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبد اللہ خان سنبل نے بتایا کہ پی اینڈ ڈی ہیلتھ سیکٹر کو بھی اب تک 60 ارب ریلیز کر چکی ہے  ۔انہوں  نے میڈیا نمائندگان کے ساتھ ملاقات اور بریفنگ کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ادارے کی کوشش ہو گی کہ آئندہ بھی جلد ایسی ملاقات اور بریفنگ کا اہتمام کیا جائے تاکہ میڈیا کے ذریعے عوام تک صوبہ پنجاب کی ترقی بارے صحیح معلومات بروقت پہنچائی جا سکیں۔