فیصل آباد۔9فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو یہاں فیصل آباد ڈویژن میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈز کے اجراء کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اسلامی فلاحی ریاست بننا تھا مگر کسی نے اس جانب قدم نہیں اٹھایا،صحت کارڈ ریاست مدینہ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ صحت کارڈ پاکستان کو ریاست مدینہ کے اصولوں کے مطابق بنانے کے سلسلہ کی کڑی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے پاکستان بنانے کیلئے جدوجہد اس لئے کی تھی تاکہ نبی کریمۖؐ کی تعلیمات کے مطابق ریاست مدینہ کی طرز پر اسلامی فلاحی ریاست قائم کی جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں حکمرانوں اور صاحب حیثیت لوگوں نے ہسپتالوں کے معیار کو بہتر بنانے کی بجائے اپنے لئے الگ سہولیات حاصل کر لیں اور سرکاری ہسپتالوں کا معیار گرتا چلا گیا، جن لوگوں کی ذمہ داری عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا تھی وہ خود کھانسی کا علاج کرانے بھی باہر جاتے ہیں اور چیک اپ کیلئے کبھی امریکہ، کبھی لندن اور کبھی دبئی پہنچے ہوتے ہیں، آج سارے چور، جو پہلے ایک دوسرے کو چور کہتے تھے اور پیٹ پھاڑ کر پیسے نکالنے کی باتیں کرتے تھے اکٹھے ہو گئے ہیں۔











