ایک خوشحال اور کامیاب معاشرے کیلئے قانون کی بالادستی ضروری ہے،، وزیراعظم عمران خان کا قومی صحت کارڈ کے اجراء کی تقریب سے خطاب

18

فیصل آباد۔9فروری  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو یہاں فیصل آباد ڈویژن میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈز کے اجراء کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ایک خوشحال اور کامیاب معاشرے کیلئے قانون کی بالادستی ضروری ہے ۔

   وزیراعظم نے کہا کہ میں سیاست میں کرپٹ لوگوں کا مقابلہ کرنے کیلئے آیا ہوں، ان کرپٹ لوگوں کے ہوتے ہوئے پاکستان کا مقصد حاصل نہیں ہو سکتا، پاکستان اسلامی فلاحی نظریہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا تھا، نبی کریمۖؐ نے فرمایا تھا کہ پہلی قومیں اس لئے تباہ ہوئیں کہ غریب چوری کرتا تھا تو اسے سزا دیتے تھے لیکن امیروں کو چھوڑ دیتے تھے، پاکستان بڑے چوروں کو سزا نہ ملنے کی وجہ سے تباہ ہوا، کوئی بھی معاشرہ اور قوم قانون کی بالادستی اور حکمرانی سے ہی آگے بڑھتی ہے، برطانیہ جیسے ملک میں وزیراعظم تک کو جوابدہ ہونا پڑ رہا ہے لیکن یہاں جن کے چپڑاسیوں، پاپڑ والوں اور ملازموں کے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے آتے رہے وہ قانون سے بالاتر رہے، سب کو پتہ ہے کہ ان کے پاس چوری کا پیسہ ہے، یہ برطانیہ میں ہوتے تو کسی کو شکل نہیں دکھا سکتے تھے، یہاں پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر ڈیڑھ ڈیڑھ گھنٹے کی تقریریں کرتے ہیں جو اصل میں ملازمت کی درخواست ہوتی ہے تاکہ انہیں ایک اور موقع مل جائے، جس ملک میں ایسا نظام ہو جس میں صرف چھوٹے چوروں کو پکڑا جائے اور بڑوں کو نہ پکڑا جائے، وہ ملک تباہ ہو جاتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایک مجرم جو کہتا تھا کہ مجھے دل کی بیماری ہے اور علاج کرانے باہر گیا تھا، وہ وہاں اپنی فیکٹریاں دیکھ رہا ہے اور یہاں بعض وکیل کہہ رہے ہیں کہ اسے پھر موقع دو، اس کی ساری عمر کی نااہلی کی سزا ختم کرو۔ وزیراعظم نے کہا کہ کسی ملک کو ختم کرنے کیلئے بم مارنے کی ضرورت نہیں ہوتی، جو معاشرہ کرپشن کو برا نہ سمجھے وہ تباہ ہو جاتا ہے، جو لوگ پیٹ پھاڑ کر پیسہ نکالنے کے دعوے کرتے تھے اب پیٹ کیلئے آپس میں اکٹھے ہو رہے ہیں کیونکہ انہیں عمران خان کا ڈر ہے، وہ چاہتے ہیں کہ میری حکومت ختم ہو جائے، یہ اپنے کیسز میں لمبی لمبی تاریخیں مانگ لیتے ہیں لیکن انہیں پتہ ہے کہ بالآخر انہوں نے جیل جانا ہے، اس لئے یہ مجھ سے ڈر رہے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ میری حکومت جلد ختم ہو، میں اس ملک میں قانون کی بالادستی کی جنگ لڑ رہا ہوں اور ان قبضہ گروپوں اور ظالموں کو قانون کے نیچے لاؤں گا۔