اوکاڑہ،26فروری (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ ہمارے معاشرہ کے لئے ایک چیلنج ہے اور ہم نے پولیو کو ختم کر کے دم لینا ہے، اللہ کا شکر ہے کہ گذشتہ سالوں سے اوکاڑہ پولیو فری ہے، بچوں کو اس مہلک مرض سے بچانے کے لئے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں نے جس طرح ربط و رابطہ سے اقدامات کئے ہیں وہ لائق تحسین ہیں، محکمہ صحت کے ڈاکٹرز ،آفیسر اور فیلڈ عملہ اسی لگن ،محنت اور جانفشانی سے انسداد پولیو اقدامات جاری رکھیں۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال ساؤتھ سٹی میں 28فروری سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو ویکسئین کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبد المجید نے28فروری سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں کئے گئے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔
اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبد المجید ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر سجاد گیلانی ،ایم ایس ڈاکٹر سیدمبشرگیلانی سمیت ڈاکٹرزوپیرا میڈیکل سٹاف نے شرکت کی ۔
سورس:وی این ایس، اوکاڑہ











