بلوچستان کو اتنی ترقی دیں گے کہ انتشار پھیلانے والے عناصر کی بات کوئی نہیں سنے گا،وزیراعظم عمران خان کا نوشکی میں تعینات فوجی جوانوں سے خطاب

15

نوشکی ۔8فروری  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے منگل کو نوشکی میں تعینات فوجی جوانوں خطاب کرتے ہوئے

 کہا کہ بلوچستان کو اتنی ترقی دیں گے کہ انتشار پھیلانے والے عناصر  کی بات کوئی نہیں سنے گا۔

 وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں کسی حکومت نے بلوچستان کی ترقی پر اتنا پیسہ خرچ نہیں کیا جتنا ہماری حکومت نے کیا، چمن۔کوئٹہ۔کراچی شاہراہ کی تعمیر کے بڑے منصوبے کا آغاز ہم نے کیا جس کیلئے فنڈز بھی مختص کر دیئے ہیں، بلوچستان ایسا صوبہ ہے جہاں فاصلے زیادہ اور آبادی کم ہے، اس کے اپنے چیلنجز ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ رواں سال ریکارڈ ٹیکس جمع ہوئے ہیں، ہماری حکومت بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے کیونکہ بلوچستان گلگت بلتستان اور سابق قبائلی اضلاع ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے ہیں، جیسے جیسے معاشی حالات بہتر ہوں گے اور آمدن میں اضافہ ہو گا پسماندہ رہ جانے والے علاقوں پر خصوصی توجہ دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب نوشکی میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا تو میں چین میں تھا، میں نے فوری فیصلہ کیا کہ وطن واپس جاتے ہی نوشکی جا کر پیغام دوں گا کہ پوری قوم اپنی قربانیاں دینے والے جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلام میں شہیدوں کا خاص رتبہ ہے، دلیری سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے جوان شہید ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دیں گے ، ہم بلوچستان میں اتنی ترقی کر دیں گے کہ انتشار پھیلانے والوں اور عوام کو حکومت اور فورسز کے خلاف اکسانے والوں کی  بات کوئی   نہیں سنے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ  دہشت گردوں کے پیچھے وہ قوتیں ہیں جو پاکستان کو ٹکڑے ٹکڑے کرنا چاہتی ہیں ، اس کیلئے کہیں اور سے فنڈنگ کی جا رہی ہے، ہم صوبہ کو اتنی ترقی دیں گے کہ  باہر بیٹھ کر  جو دشمن ملک کے اندر انتشار پھیلا رہے ہیں ان کی بات کوئی نہیں سنے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلہ سے بلوچستان کو خاص طور پر فائدہ ہو گا، چینی صدر نے یقین دلایا ہے کہ سی پیک کے دوسرے مرحلہ میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زرعی پیداوار بڑھانے اور انڈسٹریلائزیشن پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔