نوشکی ۔8فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے منگل کو نوشکی میں تعینات فوجی جوانوں خطاب کرتے ہوئے
کہا کہ مہنگائی کا سیلاب پوری دنیا میں ہے، کوشش ہے عوام کی آمدن میں آضافہ ہو۔
وزیراعظم اس موقع پر ایف سی اور رینجرز کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی پوری دنیا کی طرح مہنگائی کی لپیٹ میں ہے، امریکا اور برطانیہ جیسے ممالک کو بھی گذشتہ 40 سالوں کے دوران سب سے زیادہ مہنگائی کا سامنا ہے، مجھے احساس ہے کہ ہمارا تنخواہ دار طبقہ تکلیف میں ہے، میری پوری کوشش ہے کہ ملک کے معاشی حالات ایسے ہوں کہ آمدن میں اضافہ ہو اور ہم تنخواہ دار طبقہ کو ریلیف دے سکیں، پاکستان میں بہت سی چیزیں درآمد کی جاتی ہیں جن کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہو چکا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی میں بے تحاشا بڑھ چکی ہیں جس کے اثرات ہر چیز پر مرتب ہوتے ہیں، جیسے جیسے آمدنی بڑھتی جائے گی تنخواہ دار طبقہ کی تنخواہیں بڑھائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں مختلف بڑے کاروباری اداروں نے ریکارڈ منافع کمایا ہے، صرف چند کمپنیوں نے 950 ارب روپے کا منافع کمایا ہے، میں ان سب سے درخواست کر رہا ہوں کہ وہ ملازمین کی تنخواہیں بھی بڑھائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں کسی حکومت نے بلوچستان کی ترقی پر اتنا پیسہ خرچ نہیں کیا جتنا ہماری حکومت نے کیا، چمن۔کوئٹہ۔کراچی شاہراہ کی تعمیر کے بڑے منصوبے کا آغاز ہم نے کیا جس کیلئے فنڈز بھی مختص کر دیئے ہیں، بلوچستان ایسا صوبہ ہے جہاں فاصلے زیادہ اور آبادی کم ہے، اس کے اپنے چیلنجز ہیں۔











