تمام صحافی برادری کو نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کی سہولت دی جائے گی، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کی میڈیا سے گفتگو

27

لاہور، فروری  12(اے پی پی): وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے ہفتہ کے روز گورنر ہائوس لاہور میں ملک بھر سے آئے پی ایف یو جے کے ممبران سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا ہے کہ تمام صحافی برادری کو نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کی سہولت دی جائے گی۔  وزیر مملکت فرخ حبیب نے صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت اور اس کی کارکردگی پر مثبت تنقید کریں ہم کھلے دل سے اسے تسلیم کریں گے،انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ عوام کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں وہ 10لاکھ روپے تک اپنا علاج کسی بھی سرکاری و پرائیویٹ ہسپتال سے کروا سکتے ہیں۔انہوں نے پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے کہا کہ وہ سندھ کے عوام کو بھی صحت کارڈ کی سہولت فراہم کریں،وزیر مملکت نے کہا کہ  صحافیوں کو  صحت کارڈ دینے کے علاوہ کامیاب جوان پروگرام میں بھی شامل کریں گے، پاکستان کامیاب پروگرام بھی آرہا ہے اس میں بھی صحافیوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جائیں گے۔