روس کے ساتھ تجارت ابھی ایک بلین ڈالر سے بھی کم ہے ، بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ؛ مشیرتجارت عبدالرزاق دائود

61

لاہور،25فروری  (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیربرائے کامرس،تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے  کہا ہے کہ ہیلتھ اینڈ انجینیئرنگ ایکسپو میں افریقہ اور سینٹرل ایشیاءسے300  سے زائد وفد پاکستان آئے جو کہ پاکستان کی کامیابی ہے، روس کے ساتھ تجارت  ابھی ایک بلین ڈالر سے بھی کم ہے ، بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

ان خیالات  کا  اظہار انہوں نے  جمعہ کو یہاں ایکسپو سینٹر میں پہلی پاکستان انجینئرنگ اینڈ ہیلتھ کیئر نمائش کا افتتاح   کرنے  کیبعد  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے بعد یہاں پہلی نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے اس سے پاکستانی مصنوعات کو فروغ ملے گا۔نمائش میں تین سو سے زائد غیر ملکی وفود یہاں پہنچے ہیں اس سے غیر ملکی صنعتکاروں کو پاکستان کی مصنوعات دیکھنے کا موقع ملے گا۔نمائش میں افریقہ اور سنٹرل ایشیا کے ممالک سے صنعتکاروں کو دعوت دی گئی ہے۔تین سو سے زائد وفود کا یہاں آنا پاکستان کی معاشی سفارتی کامیابی ہے۔

دورہ روس کے حوالے سے مشیر تجارت رزاق دائود نے کہا کہ روس کے ساتھ تجارت ایک بلین ڈالر ہے لیکن روس کے حالیہ دورے کے مثبت اثرات مرتب ہونگے جس سے باہمی تجارت کو فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ بینکنگ اور کسٹم کے شعبے میں بات ہوئی ہے،روس کے ساتھ ویڈیوکانفرنس کرنے جا رہے ہیں جس سے معاملات آگے بڑھیں گے۔پاکستانی مصنوعات کیلئے دنیا میں نئی منڈیوں کی تلاش سے متعلق انہوں نے کہا کہ افغانستان اور ازبکستان کے ساتھ دو معاہدے کئے ہیں جس سے پاکستان کو ان دو ملکوں کے علاوہ پورے وسطی ایشیا تک رسائی حاصل ہوسکے گی،ایک پاکستانی ٹرک افغانستان سے ہوتا ہوا پورے وسطی ایشیا جاسکے گا اور اسی طرح ادھر سے بھی ٹرک آئیں گے جس سے اس نقل و حرکت میں اضافہ ہوگا جس کے نتیجے میں شپنگ اور ٹرکنگ کا خرچہ کم ہوجائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملکی ایکسپورٹ میں31 بلین ڈالر تک گڈز اور سروسز میں7 بلین ڈالرتک کا ٹارگٹ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے انقلابی اقدامات سے معیشت درست سمت پر گامزن ہے۔