فیصل آباد ۔8فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ وترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے منگل کی شام ضلع کونسل فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد میں 450 ارب روپے کی انڈسٹری لگ رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اب چوروں سے حساب لیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ جو لوگ حکومت کی ناکامی کا ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں انہیں برآمدات 20سے بڑھ کر 30ارب ڈالر ہوتی نظر نہیں آرہیں۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف کے دور میں پیاز 100روپے کلو تھا جبکہ فیصل آباد کی پاور لومز کباڑ میں 35سے 40 روپے فی کلو تول کر بک رہی تھیں لیکن اب فیصل آباد میں 450ارب کی انڈسٹری لگ رہی ہے اور پہلے جہاں ہرچوک میں مزدور بیروزگار بیٹھے ہوتے تھے وہاں اب کوئی بیروزگار نظر نہیں آرہا۔ انہوں نے کہاکہ ہم یہ نہیں کہتے کہ ہم نے دودھ اور شہد کی نہریں بہا دی ہیں لیکن ہم نے کرپشن کا بڑی حدتک خاتمہ کردیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ساڑھے تین سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود کسی حکومتی وزیر یامشیر پر نہ تو کرپشن کا کوئی الزام لگا نہ کوئی سکینڈل سامنے آیا نہ اس بارے میں کوئی دستاویزی شواہد پیش کئے جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ کسی پر بغیر ثبوت الزام لگادینا آسان ہے لیکن اصل بات اسے ثابت کرنے کی ہے اور ہوسکتا ہے کہ موجودہ حکومت میں بھی کچھ لوگوں کے دل میں مال کمانے کی لالچ آتی ہو لیکن انہیں علم ہے کہ اوپر لیڈر ایماندار ہے جو سارے چوروں کو نتھ ڈال دے گا۔انہوں نے کہاکہ اب اگر ہمارے جیسے آدمی کو کوئی دوست ایک سوٹ بھی تحفے میں دے تو ہم 10دفعہ سوچتے ہیں اور تحفہ دینے والے کوواضح طورپر بتادیتے ہیں کہ اس کے بدلے اسے ہم سے کچھ ملنے والا نہیں۔انہوں نے کہاکہ پی پی پی اور ن لیگ کے ادوار میں ارکان اسمبلی اور ان کے پروردہ بازاروں سے جگا ٹیکس اور بھتہ وصول کرتے تھے لیکن اب کچہری بازار ہو یا ریل بازار یا کوئی اور کاروباری علاقہ کوئی کسی سے ایک روپیہ بھتہ مانگنے کی جرات نہیں کرسکتا کیونکہ اب وہ ارکان اسمبلی نہیں جو پچھلے ادوار میں ہوتے تھے اور نہ ہی وہ ڈاکو حکمران ہیں جن کی آشیر باد پر لوٹ مار ہوتی تھی۔انہوں نے کہاکہ ہمیں مہنگائی کا بے حد احساس ہے لیکن جب عالمی منڈی میں پٹرول 40سے90ڈالر، کوکنگ آئل 900سے 1600ڈالر اور کوئلہ 50 سے150ڈالر فی ٹن تک چلاجائے تو اس سے ہرملک متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ مہنگائی کی لہر سے امریکہ،روس،جاپان،ترکی، چائنہ سمیت سب ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک پریشان ہیں لیکن عمران خان نے یہاں راشن کارڈ،کسان کارڈ، لیبرسوشل سیکورٹی کارڈ،ہیلتھ کارڈ متعارف کروایا اسی طرح احساس پروگرام بھی جاری ہے جبکہ طلبا وطالبات کیلئے کروڑوں روپے کے وظائف اور نوجوانوں کیلئے اربوں روپے کے قرضے جبکہ بے گھر افراد کو گھروں کی تعمیر کیلئے بھی معاونت کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہاکہ قبل ازیں ہماری بیٹیاں جو سکولوں میں پڑھاتی تھیں انہیں اپنے تبادلوں کیلئے بے شمار مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا بلکہ بعض اوقات بلیک میلنگ سے بھی گزرنا پڑتاتھا لیکن ہم نے یہ سسٹم آن لائن کردیااس طرح اب سب تبادلے آن لائن ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہباز شریف کے پروردہ رانا ثنا اللہ بڑی بڑھکیں مار رہے ہیں لیکن ان کے دور میں فیصل آباد سے ملنے والی چنیوٹ روڈ، سمندری روڈ، جڑانوالہ روڈ، جھنگ روڈ، ستیانہ روڈ،شیخوپورہ روڈ کھنڈرات کا منظر پیش کررہی تھیں لیکن اب 13ارب روپے سے ان سڑکات کی تعمیر شروع ہے جو اس سال کے آخر یا اگلے سال کے شروع تک مکمل ہوجائے گی اسی طرح پنجاب میں 8نئی یونیورسٹیاں اور 8نئے ہسپتال بن رہے ہیں











