لاہور کو سمارٹ سٹی بنانے کی جانب اہم پیش رفت،پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نوکیا کے تعاون سے سمارٹ سٹی پائلٹ پراجیکٹ لگائے گی

62

لاہور، 11 فروری (اے پی پی): لاہور کو سمارٹ سٹی بنانے کی جانب اہم پیش رفت،پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نوکیا کے تعاون سے سمارٹ سٹی پائلٹ پراجیکٹ لگائے گی۔

چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد کامران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نوکیا کے تعاون سے لاہور میں سمارٹ سٹی پائلٹ پراجیکٹ لگائے گی ،پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے نوکیا قطر ٹیم نے دورہ پاکستان کے دوران سیف سٹیز میں تمام سٹیک ہولڈرز کیساتھ اہم اجلاس میں شرکت کی۔

محمد کامران خان نے بتایا کہ لاہور سمارٹ سٹی پائلٹ پراجیکٹ میں ایم ایم عالم روڈ اور لبرٹی کو کوور کیا جائے گا جبکہ ایم ایم عالم روڈ پر سمارٹ سٹریٹ لائٹس، سمارٹ ویسٹ مینجمنٹ اور انوائرمنٹ کے سمارٹ سینسر لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ لبرٹی پارکنگ کو عالمی معیار کے مطابق سمارٹ پارکنگ میں بدلا جائے گا۔ویسٹ مینجمنٹ کے ڈسٹ بنز میں بھی سمارٹ سینسر لگائے جائیں گے۔

 چیف آپریٹنگ آفیسر نے کہا کہ لاہور سمارٹ سٹی پراجیکٹ پاکستان میں اپنی طرز کا پہلا منصوبہ ہوگا،پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی پاکستان میں مزید سمارٹ سٹی پراجیکٹس کی راہ ہموار کریگی۔انھوں نے بتایا کہ دبئی ایکسپو2020 میں سیف سٹیز اتھارٹی اور نوکیا انٹرپرائز میں سمارٹ سٹی پراجیکٹ بارے ایم او یو ہوا تھا۔سیف سٹیز اجلاس میں کمشنر لاہور آفس، اربن یونٹ، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، روڈا، لاہور پارکنگ کمپنی، انوائرمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان نے

 شرکت کی۔