پاکستان اسوقت دنیا کی چوتھی بڑی مارکیٹ ہے جس نے فری لانسرز میں 47 فیصد گروتھ کی ہے ؛ معاون خصوصی عون عباس بپی

18

اسلام آباد،21فروری  (اے پی پی): وزیراعظم کے معاون خصوصی عون عباس بپی نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ تحریک انصاف کی حکومت نے اکتوبر 2019 میں پہلی نیشنل ای کامرس پالیسی کا اجراء کیا، پاکستان اسوقت دنیا کی چوتھی بڑی مارکیٹ ہے جس نے فری لانسرز میں 47 فیصد گروتھ کی ہے ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں  قومی ای۔تجارت پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  وزیراعظم کے معاون خصوصی عون عباس بپی نے   کہا کہ انٹرنیٹ کے ذریعے اشیاء کی خرید و فروخت ای۔کامرس ہے اور دنیا بھر میں اس کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، 30 کھرب ڈالر کی ای۔کامرس ہو رہی ہے، پاکستان میں ہماری حکومت نے پہلی بار ای۔کامرس کی ٹریڈ کو رجسٹرڈ کیا، پاکستان میں 10 لاکھ ایکٹو فری لانسرز ای۔کامرس کے شعبہ میں کام کر رہے ہیں، حکومت اس شعبہ کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت ای۔کامرس کے شعبہ میں جدت آ رہی ہے، اس کے ذریعے برآمدات کو آسان بنایا گیا ہے، حکومت نے ملک بھر میں تھری جی اور فور جی کا نیٹ ورک بڑھایا ہے، نئی تیز ترین فائبر آپٹکل بچھائی گئی ہے جس سے انٹرنیٹ یوزرز میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ای۔کامرس کے شعبہ سے 36 فیصد خواتین وابستہ ہیں جبکہ 30 فیصد بطور لیبر کام کر رہی ہیں، آئی ٹی کی برآمدات میں ساڑھے تین ارب ڈالر تک اضافہ کی توقع ہے، ای۔کامرس کیلئے نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جا رہی ہے، پاکستان فری لانسرز کی تعداد کے لحاظ سے چوتھی بڑی مارکیٹ ہے، 50 ہزار ایس ایم ایز کو ڈیجیٹل شاپس کی تربیت فراہم کی جائے گی۔