تربت، 21فروری (اے پی پی ): یونیورسٹی آف تربت میں سالانہ سپورٹس ویک2022 کاآغاز ہو گیا ہے، جس کا افتتاح یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جان محمد نے کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کی جانب سے رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔افتتاحی تقریب میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر منصور احمد، رجسٹرار گنگزار بلوچ، سمیت انتظامی شعبوں کے سربراہان اور فیکلٹی ممبران کے علاوہ کھلاڑیوں اورطالب علموں کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرجان محمد نے کہا کہ ہر سال سپورٹس ویک کا انعقاد یونیورسٹی آف تربت کی روایت کاحصہ ہے طالب علموں اور یونیورسٹی کے عملے کی جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد ضروری ہے اور غیر نصابی اور ہم نصابی سرگرمیاں یونیورسٹی کے اکیڈمک کیلنڈر کا لازمی حصہ ہیں جن کا مقصد طلباء اور فیکلٹی ممبران کو تعلیمی ورک لوڈ اور دیگر مسائل سے نجات دلاکر سکون، تفریح اور آرام دلانا ہے۔
ڈاکٹر جان محمد نے کہا کہ کیمپس کے اندر کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ، ہم اپنے طالب علموں کو کیمپس کے باہر منعقد ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں میں بھرپورانداز میں حصہ لینے کے لئے پلیٹ فارم اور مواقع فراہم کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھارہے ہیں تاکہ طالب علموں مقامی اور قومی سطح پر اپنی ہم نصابی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکیں۔











