فیصل آباد۔9فروری (اے پی پی):وزیر علیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فیصل آباد میں قومی صحت کارڈ پروگرام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں 23 نئے ہسپتال، متعدد کی اپ گریڈیشن، 73 فیصد آبادی صحت کارڈ سے مستفید ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں 400ارب کی لاگت سے تاریخی ہیلتھ انشورنس سکیم کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس وقت صوبہ کی 73فیصد آ بادی ہیلتھ کور حاصل کر رہی ہے جبکہ 740ارب کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے جنہیں مالی سال کے اختتام تک مکمل کرلیا جائے گا۔ وہ بدھ کو وزیر اعظم عمران خان کی فیصل آباد آمد اور جامعہ زرعیہ میں فیصل آباد ڈویژن کے شہریوں کیلئے نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ قبل ازیں ساہیوال،ڈی جی خان، راولپنڈی،لاہور میں ہیلتھ کارڈ کا اجرا ہو چکا ہے جبکہ آج سے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع کی ڈیڑھ کروڑ کے قریب آبادی پر مشتمل 32لاکھ سے زائد گھرانوں کو بھی ہیلتھ کارڈ کی سہولت کی فراہمی شروع ہو گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ امر خوش آئند ہے کہ اس وقت تک پنجا ب کی 73فیصد آبادی صحت کارڈ سے مستفید ہو رہی ہے اور ا نشا اللہ 31مارچ تک پنجاب کی تما م 100فیصد آبادی کو ہیلتھ کور مل جائے گا۔











