اسلام آباد، 24 مارچ (اے پی پی ): وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے انتہائی کامیاب انعقاد سے پوری امت میں پاکستان کا وقار مزید بلند ہوا ہے،او آئی سی فورم اور چین، یوکرین میں امن کے خواہاں ہیں۔
جمعرات کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی اجلاس کے حوالے سے کہا کہ اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے انتہائی کامیاب انعقاد سے پوری امت میں پاکستان کا وقار مزید بلند ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ نے بھی پاکستان کے لئے خیر سگالی کا اظہار کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے سربراہ ہونے کے ناطے پاکستان او آئی سی کی منظور کردہ قراردادوں پر عملدرآمد کے لئے طریقہ کار وضع کرنے کی غرض سے ایک اور وزارتی اجلاس طلب کرے گا۔وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ او آئی سی اجلاس میں دیگر نمایاں تنازعات کو بھی بھر پور طریقے سے اجاگر کرنے کے لئے ایکشن پلان پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایکشن پلان اس سلسلے میں او آئی سی سیکرٹریٹ کے کردار کا تعین کرتا ہے۔
سورس:وی این ایس، اسلام آباد











