پشاور،31مارچ(اے پی پی ): پاک افغان تعاون فورم کے اشتراک سے رمضان المبارک سے قبل مزید 16 ٹرک امدادی سامان پاک افغان سرحد طورخم پر افغان حکام کے حوالے کرنے کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں الخدمت فاونڈیشن کے خیبر پختونخوا کے نائب صدر فدا محمد خان ،میڈیا منیجر نور الواحد جدون، کمیونٹی سروسز کے سینئر منیجر محمد وسیم نے بارڈر انتظامیہ اور پاک افغان تعاون فورم کے منتظمین کی موجودگی میں امدادی سامان سے لدے 16ٹرک امارت اسلامی افغانستان کے انچارج برائے مہاجرین مولوی فیض محمد اور قاری بلال سمیت امارت اسلامی افغانستان کے اعلیٰ حکام کی حوالے کئیےجن میں 2کروڑ روپے مالیت کے فوڈ اور ونٹر پیکجز اور بچوں کے لئے خشک دودھ، غذائی اشیاء سمیت دیگر امدادی سامان شامل ہے۔
اس موقع پر الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے ذمہ داران نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ الخدمت فاونڈیشن کی آٹھویں امدادی کھیپ ہے اور الخدمت فاونڈیشن پاک افغان کوآپریشن فورم کے اشتراک سے اب تک 142ٹرکوں کے ذریعے تقریبا 28 کروڑ روپے مالیت کا 1200 ٹن امدادی سامان افغان حکام کے حوالے کر چکی ہے۔ یہ امدادی سامان افغانستان کے صوبے کنڑ، پکتیکا، ننگرہار، کابل، ہلمند، قندہار اور شمالی افغانستان کے دیگر صوبوں میں لاکھوں مستحق خاندانوں کو فراہم کیا گیا جا چکا ہے۔
اس موقع پرامارت اسلامی افغانستان کےانچارج برائے مہاجرین مولوی فیض محمد اور دیگر اعلیٰ حکام نے الخدمت فاونڈیشن حکومت پاکستان اور پاک افغان کوآپریشن فورم کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ مظلوم عوام کے ساتھ تعاون کا سلسلہ آئندہ بھی اسی طرح جاری رکھا جائے گا۔











