ریونیو عوامی خدمت کچہریاں ریونیو سے جڑے مسائل کے حل کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے؛ ڈپٹی کمشنر پاکپتن احمر سہیل کیفی

42

پاکپتن،01 مارچ  (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے کہا ہے کہ  وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار   کی ہدایت پر  ریونیو سے جڑے مسائل کو حل کرنے کے لئے ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد کیا  گیا ہے، ریونیو عوامی خدمت کچہریاں ریونیو سے جڑے مسائل کے حل کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے ریونیو عوامی خدمت کچہری میں سائلین کی شکایات کا زالہ کرتے ہوئے کیا،ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے شکایات سنیں اور بعض کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے فرد اجراء، رجسٹریشن، انتقال، اور درستگی نام سمیت دیگر ریونیو سروسز کے متعلق عوامی شکایات سنیں اور موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلداران و لینڈ ریکارڈ افسران کواحکامات جاری کیے۔

 ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے ہدایت کی کہ ریونیو عوامی خدمت کچہری میں موصول شکایات پر فوری کارروائی کی جائے تاکہ عوامی سروسز کی ڈیلیوری کو آسان اور شفاف بنا کر سائلین کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔انہوں  نے ریونیو کے فیلڈ افسران اور لینڈ ریکارڈ کے افسران کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ ریونیو سروسز کی فراہمی میں غیر ضروری طوالت برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت کے مرتکب عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ماہم آصف، اسسٹنٹ کمشنر شرجیل شاہد ریونیو افسران، پٹواری سمیت اور دیگرمتعلقہ افسران و عملہ بھی خدمت کچہری میں موجود تھے۔