شہر اولیاءکی تاریخی حیثیت کی بحالی کیلئے “دلکش ملتان” منصوبے کا آغاز کردیا گیا

18

ملتان،08مارچ(اے پی پی): شہر اولیاءکی تاریخی حیثیت کی بحالی کیلئے “دلکش ملتان” منصوبے کا آغاز کردیا گیا ہے، والڈ سٹی اتھارٹی کے منصوبے کے تحت قلعہ کہنہ،گھنٹہ گھر اور دمدمہ سمیت تاریخی عمارات کو بحال کرنے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔

 اس سلسلے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی صدارت میں کمشنر آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد،ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں اور ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی لاہور کامران لاشاری بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے قدیم ترین آباد شہر ملتان کے تاریخی ورثے کی حفاظت ناگزیر ہے قلعہ کہنہ اور درباروں کو دنیا بھر میں سافٹ امیج اور سیاحت کے فروغ کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قلعہ اور تاریخی عمارات کی حفاظت کیلئے قانون سازی کی جائے اور تاریخی ورثے کی حفاظت کیلئے والڈ سٹی اتھارٹی ماسٹر پلان تشکیل دے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ والڈ سٹی اتھارٹی کے بحالی پراجیکٹ کو انتظامیہ معاونت فراہم کرے جبکہ قلعہ کہنہ کے اطراف کے قدیم علاقوں کو بھی ماسٹر پلان میں شامل کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ قلعے پر قائم عارضی دکانات کیلئے یکساں ڈیزائن میں علیحدہ جگہ مختص کی جائے۔

 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ فوڈ سٹریٹ کی بحالی کیلئے 8 کروڑ کی سکیم بھی منظور ہوچکی ہے، والڈ سٹی اتھارٹی کو قلعہ کی اپ گریڈیشن کیلئے مکمل معاونت فراہم کرینگے۔

ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ قلعہ کہنہ کی سلائیڈز پر خوبصورت گرین بیلٹس اور لینڈ سکیپنگ کی جائے گی جبکہ قلعہ کہنہ کا ماسٹر پلان لوکل گورنمنٹ کو منظوری کیلئے بھیجیں گے۔

اس موقع پر والڈ سٹی اتھارٹی کے وفد نے قلعہ کہنہ کی اپ گریڈیشن پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔