مفاد پرست ٹولہ اس بات پر اڑ چکا ہے کہ عمران خان سے چھٹکارا کیسے حاصل کریں ؛ وفاقی  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

22

اسلام آباد،24مارچ  (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی  کے کارکنوں سمیت تمام پاکستانی شہریوں سے گزارش کی ہے کہ وہ ملکی مستقبل اور جمہوریت کی خاطر  27 مارچ کو گھروں سے باہر نکلیں،ہم عمران خان اور آئین پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں،تمام اتحادیوں کے ساتھ رابطے ہیں، مفاد پرست ٹولہ اس بات پر اڑ چکا ہے کہ عمران خان سے چھٹکارا کیسے حاصل کریں ۔

جمعرات کو یہاں  پارلیمنٹ ہاؤس  میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ آج وزیر اعظم نے قوم کو واضح پیغام دیا ہے کہ  فیصلہ عوام نے کرنا ہے کہ آپ نے اچھائی یا بدی  ،کس کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک طرف مفاد پرستوں  کا ٹولہ ہےجنہیں ملکی مفادات، معیشت اور نہ ہی اقتصادی ضروریات سے کوئی واسطہ ہے،یہ لوگ ایک نکاتی ایجنڈے کے تحت عمران خان سے چھٹکارا حاصل اور لوٹ مار کیلئے راستہ ہموار کرنا چاہتا ہے،ان  کا منشور ایک ہے اور نہ ہی پارٹی جھنڈا ایک ہے ،ان لوگوں نے پوری قوم کو پریشان کر رکھا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں پاکستان کے تمام باشعور شہریوں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ 27مارچ کو اپنے گھروں سے باہر نکلیں اور پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں،ہم عمران خان اور جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں،ہمارے پنجاب،کے پی کے،آزاد کشمیر سمیت تمام لوگوں سے رابطے ہو رہے ہیں،کے پی کے سے لوگوں کا سمندر امڈ آئے گا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارے اتحادیوں سے رابطے ہیں،وہ آزاد ہیں،مجھے یقین ہے کہ وہ مناسب وقت پر مناسب فیصلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو دیکھنا ہو گا کہ وہ پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کر کے کس  کے ساتھ جارہی ہے،پی پی کے ساتھ،اس پی پی کیخلاف تو چند دن قبل احتجاج کر رہی تھی کہ انہوں نے کراچی کے ساتھ نارروا سلوک کیا،ان کے فنڈز ہڑپ کئے،جو بلدیاتی قانون لے کر آئے اس پر تو پورا سندھ سراپا احتجاج ہے،وہ سنجیدہ اور سلجھے ہوئے لوگ ہیں ،میرا نہیں خیال کہ وہ ان کی گود میں بیٹھیں گے۔

سورس:وی این ایس، اسلام آباد