میرپورخاص،29 مارچ ( اے پی پی): ڈویژنل کمشنر سید اعجاز علی شاہ نے کہا ہے کہ کامیاب لوگ اپنے فیصلوں سے دنیا بدل دیتے ہیں اور ناکام لوگ دنیاکے ڈرسے اپنے فیصلے بدل دیتے ہیں آج ہمارے ساتھ وہ ذمیداران ہیں جو ہمارے اضلاع کی پہچان اور کامیابی کا سبب بنے ہیں اور انہی کے اعزاز میں یہ تقریب منعقد کی گئی ہے ۔
اس امر کا اظہار انہوں نے کووڈ 19 ویکسینیشن اور پولیو مہم کے دوران بہتر کارکردگی دکھانے والے ہیروز کے اعزازمیں منعقدہ تقریبِ تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کے کووڈ 19 کے مشکل وقت کے دوران فرنٹ لائن ہیروز کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا فرنٹ لائن ورکرز نے مشکل وقت میں اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر اپنی قوم و پوری ڈویژن کے عوام کی جان بچائی ہے ہمیں ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے تاکہ ہماری آنے والی نسلوں میں بھی اسی طرح کی قربانی کا جذبہ پیدا ہو، ہمیں بھی ان کی طرح ہمت اور حوصلے والا ہونا چاہیے تاکہ ہم بھی کسی بھی مشکل گھڑی میں اپنے شہر کے لوگوں کی خدمت کرسکیں۔
انہوں نے کہا کے صحت سمیت چند دیگر شعبوں کا ہمارے دین میں بھی بڑا مقام اور عبادت کا درجہ ہےاگرچہ اسے اپنی ذمہ داری سے نبھایا جائے، ہیلتھ ہیروز نے اپنا کام ذمہ داری سے نباہ کر اپنے شعبے سمیت اپنے ساتھ کام کرنے والوں کی عزت میں بھی اضافہ کرایا ہے.
این سی او سی کے مطابق پاکستان میں بین الاقوامی سطح پر اموات کی شرح کم از کم رہی،ہیلتھ ہیروز کی انتھک کوششوں اور محنت سے پاکستان نے دنیا میں چھٹی پوزیشن حاصل کی جبکہ پاکستان میں میرپورخاص ڈویژن نے اس کارکردگی میں پہلی پوزیشن حاصل کی،فرنٹ لائن ہیروز نے صحرا کے دور دراز علاقوں میں محدود وسائل کے باوجود اپنی روزمرہ کی جستجو اور کوششوں سے انسانی جانیں بچا کر این سی او سی اور دیگر ایجنسیوں کے مقرر کردہ اہداف حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
اس موقع پر ڈی سی تھرپارکر محمد نواز سوہو، ڈی سی میرپورخاص سلامت علی میمن اور ڈی سی عمرکوٹ طاہر علی میمن نے بھی تقریب سے خطاب کیا انہوں نے کہا کے ایسے حالات میں کوئی بھی کامیابی اکیلے حاصل کرنا نا ممکن تھا اس کامیابی حاصل کرنے میں ڈویژنل کمشنر کا مکمل تعاون اوران کی مکمل کوششیں بھی شامل تھیں.
سید اعجاز علی شاہ نے کہا کہ انتظامیہ،تمام اسٹیک ہولڈرز، فیلڈ ہیلتھ ورکرز، فرنٹ لائن ہیروز کے ذریعے پی پی ایچ آئی، یونیسیف اور ڈبلیو ایچ او، کی مدد اور تعاون سے متعلقہ اضلاع میں کوویڈ، پولیو اور ای پی آئی مہم کامیابی سے ہم کنار ہے کوویڈ اور اور پولیو مہم کی طرح ای پی آئی مہم میں بھی کاوشیں اور اقدامات کرکےای او سی سندھ کے اہداف بھی حاصل کریں گے۔
انہوں نےکہا کے وبائی امراض اور دیگر بیماریوں کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھیں گے تقریب میں ڈویژنل کمشنر سید اعجاز علی شاہ، ڈپٹی کمشنران، ڈبلیو ایچ او، پی پی ایچ آئی اور یونیسیف کے نمائندوں نے بہترین کارکردگی دکھانے والے فرنٹ لائن ہیروز،ہیلتھ فیلڈ ورکرز کو سرٹیفکیٹ اور گھریلو اشیاء کے تحائف دیئے اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔











