اسلام آباد ۔16مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے او آئی سی سربراہی اجلاس میں یکم جون 2019 کو مکہ مکرمہ میں اسلاموفوبیا کے حوالے سے پوری دنیا کے مسلمانوں کا مقدمہ پیش کیا۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہاکہ عالمی فورمز پر عمران خان نے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی ترجمانی کی،اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی) کا 2019 میں مکہ میں اجلاس ہوا،جس میں وزیراعظم عمران خان نے اسلامو فوبیا اور ناموس رسالتﷺ پر بات کی،ستمبر 2019 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں اسلامو فوبیااورناموس رسالتﷺ پر مقدمہ دنیا کے سامنے رکھا، دنیا میں جس انداز سے اسلاموفوبیا پر مسلمانوں کو ٹارگٹ کیا گیا،نیوزی لینڈ میں مسجد کے اندر حملہ ہوا، مغرب اور حال ہی میں بھارت کے اندر حجاب پہننے پر خواتین پر حملے ہورہے ہیں،ہندوستان میں مساجد پر حملے ہورہے ہیں،اسی وجہ سے اوآئی سی کے 2020میں اجلاس میں ہمارے وزیر خارجہ نے 15مارچ کو اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لئے عالمی دن قرار دینے کا مطالبہ کیا، 15مارچ کو اسلاموفوبیا کا عالمی دن قرار دینے کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے،ایک سچے عاشق رسولﷺ، سچے مسلمان ہونے کے ناطے عمران خان نے دنیا کے سامنے اسلام کا مقدمہ لڑا۔وزیر مملکت نے کہاکہ وہ مغرب جو بات سننے کوتیار نہیں تھا اور آج وہ ہی وزیراعظم عمران خان کے موقف کی تائید کررہاہے ،وزیراعظم عمران خان نے دنیا کے سامنے معذرت خواہانہ رویہ ترک کیا،روس کے صدر نے اسلاموفوبیا کے خلاف آواز بلند کی، امریکا کے ایوان نمائندگان سے بھی قرارداد سامنے آئی، وزیراعظم عمران خان مسلمانوں کے دلوں کی ترجمانی ایسے ہی جاری رکھیں گے۔











