اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے پیر کو پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے تاریخی اصلاحات متعارف کروائیں ۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کور کمیٹی میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال بالخصوص تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے امور زیر بحث آئے۔ اس کے علاوہ ہماری سیاسی حکمت عملی پر بھی بات چیت ہوئی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد آنے کے بعد پی ٹی آئی مزید مضبوط اور منظم ہوئی ہے، تحریک عدم اعتماد نے سوئے ہوئے شیر کو جگا دیا ہے، آج تحریک انصاف کے کارکن عمران خان کی کال کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کبھی بلیک میل نہیں ہوئے، تین کے ٹولے کا یہ آخری حربہ ہوگا۔











