کوہلو میں ضلعی انتظامیہ اور ایف سی کی جانب سے یوم پاکستان سپورٹس فیسٹیول کا آغاز

54

کوئٹہ۔16مارچ (اے پی پی):یوم پاکستان کی مناسبت سے کوہلو میں ضلعی انتظامیہ اور ایف سی کی جانب سے یوم پاکستان سپورٹس فیسٹیول کا آغاز ہوگیا ، رنگارنگ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر کوہلو قربان علی مگسی اور ونگ کمانڈر ایف سی میوند رائفل کرنل مقتدا نے خصوصی طور پر شرکت کی ، فیتہ کاٹا اور گیند کو اسٹروک لگا کر فیسٹول کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی کوہلو قربان علی مگسی نے کہا کہ یوم پاکستان کی مناسبت سے ضلعی انتظامیہ،محکمہ کھیل اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کےلئے بھرپور کردار ادا کرے گی ، مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد کرکے شہریوں کو تفریح کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ، نوجوانوں کے درمیان کرکٹ،فٹبال،والی بال ودیگر علاقائی کھیلوں کے مقابلے منعقد کرائے جائیں گے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صوبائی وزیر کی خصوصی ہدایت اور ایف سی میوند رائفل کے اشتراک سے سپورٹس فیسٹول کے انعقاد سمیت نائٹ میوزیکل شو کا اہتمام بھی کیا جائے گا ، مقامی لوک فنکاروں کو موقع دیکر ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ، کوہلو میں یوم دفاع پاکستان سپورٹس فیسٹیول کے افتتاحی تقریب میں شہریوں اور کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت نے یہ پیغام دیا ہے کہ کوہلو کے نوجوان کھیل کے میدان میں کسی سے کم نہیں ہیں ، سپورٹس فیسٹیول میں تمام کھیلوں کے کھلاڑیوں کو یکساں مواقع دیئے جائیں گے ۔ نوجوان نسل پر زور دیتے ہوئے قربان علی مگسی نے کہا کہ وہ مثبت سوچ اور رویوں کو اپناکر ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ آخر میں ڈپٹی کمشنر نے منتظمین کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ انتظامیہ کوہلو یوم پاکستان سپورٹس فیسٹیول کے انعقاد کو آنے والے دنوں میں اسی طرح کامیاب بناکر مثالی کردار ادا کرے گی ۔ افتتاحی تقریب میں کھلاڑیوں اور شائقین کی ایک بڑی تعداد سٹیڈیم میں موجود تھی ، رنگارنگ افتتاحی تقریب کے موقع پر رسالدار میجر شیر مری ، عثمان شاہ، ایس ایچ او میر حق نواز حسنی، اسپورٹس آفیسر جعمہ خان ، ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر حفیظ اللہ، میر بالو خان ، حاجی میر، مصری خان،عمر فاروق و دیگر موجود بھی تھے۔