یوم پاکستان کی مناسبت سے واہگہ بارڈر پر خصوصی تقریب کا اہتمام

28

لاہور۔28مارچ( اے پی پی ):  یوم پاکستان کی مناسبت  سے واہگہ بارڈر پر خصوصی تقریب کا اہتمام کیاگیا۔ پاکستان رینجرز پنجاب کے زیراہتمام اس تقریب میں معروف شاعر، کالم نگار اور ڈرامہ نگار امجد اسلام امجد، کمشنر لاہور کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد عثمان ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز روبینہ افضل، سی ای او لاہور قلندر  عاطف رانا،  سابق کرکٹر عاقب جاوید اور لاہور قلندر کی کرکٹ ٹیم کے اراکین نے پی ایس ایل ٹرافی کے ہمراہ شرکت کی۔ معزز مہمانانِ گرامی نے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز پنجاب  بریگیڈیئر شہزاد منیرکے ہمراہ واہگہ بارڈرپر پرچم کشائی کی تقریب دیکھی۔ مہمانوں نے پریڈ میں شریک رینجرز جوانوں کے جوش و جذبے اورمہارت کو سراہا ۔ قبل ازیں واہگہ بارڈر پر پنجاب رینجرز نے فالکن ٹرائی تھلون کلب کے اشتراک سے سائیکل ریس کا انعقاد  کیاجس میں ملک بھر سےسائیکلسٹ خواتین وحضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریس کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا جس میں معزز مہمانوں نے پوزیشن حاصل کرنے والے سائیکلسٹس میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ریس کے شرکاءنے کھیلوں کے فروغ میں پنجاب رینجرز کے کردارکوسراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان رینجرز پنجاب پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ دیگر صحتمندانہ سرگرمیوں میں بھی اپنا کردار اداکر رہی ہے جو کہ خوش آئندہے۔