اسلام آباد، 08 مارچ (اے پی پی ): آسٹریلیا کی نائب سفیر جوان فریڈرک نے اسلام آباد میں آسٹریلیا کی حکومت کے تعاون سے شروع ہونے والے “بلائینڈ ویمن تربیتی کیمپ” اور چیمپئین شپ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہےکہ 24 سال بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو یہاں دیکھنا بہت اچھا لگاہے اور یہ دورہ اب تک کامیابی سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ پہلے سے ہی پاکستان اور آسٹریلیا میں بہت مقبول کھیل ہے اور ہمارے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات میں سے ایک ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہاکی بھی دونوں ممالک کا مشترکہ مقبول کھیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی حکومت پاکستان میں خواتین کرکٹ با الخصوص بصارت سے محروم کرکٹرز کی ترقی اور فروغ کے لئیے تعاون کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ شاندار موقع ہے کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اس ہفتے تربیتی کیمپ کا آغاز ہوا، اس کے بعد ان خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ ایک ٹورنامنٹ شروع ہوا۔ حقیقت میں وہ پہلے ہی بہت اچھی طرح سے کرکٹ کھیل سکتی ہیں، لیکن تربیتی کیمپ ان کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بناۓ گا اور یہ پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمیشن کی سرگرمیوں کا ایک کلیدی حصہ ہے، جو یہاں مساوات، تنوع اور شمولیت کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔











