جو لوگ مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہیں انہیں کبھی نہیں بھولوں گا، آزمائش میں انسان کا پتہ چلتا ہے؛ وزیراعظم عمران خان

23

اسلام آباد،2اپریل  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ  جو لوگ مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہیں انہیں کبھی نہیں بھولوں گا، آزمائش میں انسان کا پتہ  چلتا ہے۔

 وہ ہفتہ کو یہاں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے  کہا کہ مقابلہ کا پہلا اصول یہ ہے کہ آخری گیند تک ہار نہیں ماننی، کیا خبر کپتان کل کیا کر دے۔ جیسے جیسے لوگوں کو سمجھ آنی شروع ہوئی ہے کہ عدم اعتماد کی صورت میں عمران خان  نہیں پاکستان کے خلاف بڑے پیمانے کی سازش ہوئی ہے۔  انہوں نے کہا کہ 35 سال سے اس ملک کو لوٹنے والوں نے امریکہ کے ساتھ چل کر یہ سازش کی۔ میں کبھی امریکہ کا مخالف نہیں رہا ہوں۔ اس کو مجھ سے کیا گلہ ہوسکتا ہے۔ میں نے سیاست کا  آغاز کیا تو یہ سوچ دیکھی کہ دنیا کا پانچواں بڑا ملک دوسروں پر انحصار کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہاں ان لوگوں کو امریکہ حکمران دیکھنا چاہتا ہے جن کے پیسے باہر پڑے ہیں اور وہ ان کی غلامی کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جس طرح سے دستاویزی طور پر پاکستان کو دھمکی دی گئی کہ عمران خان کو ہٹا دیں تو پاکستان کو معاف کردیں گے ایسی مثال سفارت کاری میں کہیں نہیں ملتی ،امریکہ کو علم ہے کہ عمران خان کو ہٹا کر اس کی جگہ کون آئے گا۔ بے ضمیر لوگ غیرملکی غلامی قبول کرنا چاہتے ہیں۔