چنیوٹ،23اپریل(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید کی قیادت میں محکمہ صحت کے زیر اہتمام انسداد ڈینگی آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا،آگاہی واک ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہو کر ختم نبوت چوک پہنچ کر اختتام پزیر ہوئی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ اس واک کا مقصد شہریوں کو ڈینگی سے بچاؤ اور اسکے انسداد کے بارے آگاہی دینا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں صفائی ستھرائی پر خصوصی عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے کیونکہ ممکنہ موسم برسات میں بارشوں کے کھڑے پانی میں ڈینگی لاروا کی افزائش کا خطرہ ہے یہی وجہ ہے کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کا صفایا ہو سکے۔
ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کے لئے شہریوں نے پہلے بھی بے حد تعاون کیا ہے کیونکہ اس کی روک تھام کے لئے حکومتی کوششوں کے ساتھ کمیونٹی کا کردار بھی اہم ہے لہذا شہری تعاون جاری رکھتے ہوئے توجہ دیں اور کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیا جائے اور صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھیں۔
آگاہی واک میں شریک سی او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے سلسلے میں آگاہی واکس سیمینارز کے انعقاد، معلوماتی پمفلٹس کی تقسیم اوراس نوعیت کے دیگر انسداد و انتظامی اقدامات ڈینگی کے سو فیصد خاتمے تک جاری رہیں گے، حکومت پنجاب کی ہدایت پر انسداد ڈینگی کے سلسلے میں ضلع بھر میں شہریوں کو آگاہی دی جا رہی ہے، انہوں نے شہریوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ وہ انسداد ڈینگی ٹیموں سے تعاون جاری رکھیں تاکہ مشترکہ کاوشوں سے اس سیزن میں بھی ڈینگی کے حملہ سے محفوظ رہا جا سکے۔
آگاہی واک میں سی او ایجوکیشن ملک ظفر عباس ریحان، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سید منور عباس، سی او ضلع کونسل رانا محمد نواز کے علاوہ ہیلتھ، ایجوکیشن و دیگر لائن ڈ یپارٹمنٹس کے افسران و ملازمین اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔
سورس: وی این ایس، چنیوٹ











