اسلام آباد،16مئی (اے پی پی):جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے بھارت کی طرف سے بھارتی زیرتسلط جموں و کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور حریت رہنما یاسین ملک سے یکجہتی کے لئے 18 مئی کو دنیا بھر میں بھارتی سفارتخانوں کے باہر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔
پیر کو نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار نے کہا کہ بھارت نے یاسین ملک پر گھناؤنے اور فرضی مقدمات بنائے ہیں، بھارت کے مظالم انتہا کو پہنچ چکے ہیں، جموں و کشمیر کے چیئرمین یاسین ملک نے واضح کہا کہ کشمیری قوم آزادی کے سوا کوئی آپشن قبول نہیں کرے گی، بھارت کو یہ اتحاد ناگوار گزرا اور انہوں نے یاسین ملک پر گھناؤنے مقدمات بنائے اور گرفتار کر لیا۔
انہوں نے کہاکہ بھارت اپنی من پسند کے مذاکرات کرنا اور اپنی باتیں منوانا چاہتا تھا ۔ جیل کے اندر بھی بھارت نے ظلم جاری رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ یاسین ملک پر الزامات بے بنیاد ہیں۔ یاسین ملک کا قصور صرف آزادی کی تحریک کو لیڈ کرنا ہے اور کچھ نہیں، دہشتگردی کے کیسز میں کوئی سچائی نہیں ہے ،بے بنیاد الزامات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنے زیرتسلط جموں و کشمیرمیں میں ظلم کی انتہا کر دی ہے ، بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے ، کشمیریوں کو انکا بنیادی حق دیا جائے ، بھارت سن لے وہ جتنے مظالم کر لے کشمیری اپنی تحریک آزادی کشمیر سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔ بھارت کی طرف سے بھارتی زیرتسلط جموں و کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور یاسین ملک سے اظہارِ یکجہتی کے لئے احتجاج کیا جائے گا ، 18 مئی کو دنیا بھر میں بھارتی سفارتخانوں کے باہر مظاہرے ہوں گے، پاکستان میں احتجاج میں آزاد کشمیر کی پوری قیادت کو شرکت کی دعوت دی ہے۔











